Homeخبریںتمپ نظرآباد سے نوجوان مبینہ طور پر مسلح افراد کے ہاتھوں...

تمپ نظرآباد سے نوجوان مبینہ طور پر مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا، اہل خانہ کی رہائی کی اپیل

تمپ ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان ضلع تمپ کے علاقے نظرآباد میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔ اہل خانہ کے مطابق وسیم ولد عبدالنبی کو جمعہ کی صبح موٹرسائیکلوں پر سوار نامعلوم مسلح افراد ان کی دکان سے زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وسیم کو اس سے قبل جون 2017 میں رمضان المبارک کی ایک رات بھی ایک مسلح تنظیم نے لاپتہ کیا تھا، تاہم مبینہ طور پر تحقیقات کے بعد بے گناہ قرار دے کر رہا کردیا گیا تھا۔

اہل خانہ کے مطابق وسیم علاقے میں ایک عام شہری اور کھلاڑی کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں اور ان کا کسی بھی مشکوک سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وسیم طویل عرصے سے نظرآباد میں رہائش پذیر ہیں اور دکان داری کرکے اپنے خاندان کا گزر بسر کرتے ہیں۔

اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وسیم کو لے جانے والے افراد کا طریقۂ کار ماضی میں انہیں لاپتہ کرنے والی مسلح تنظیم کے طریقۂ کار سے مشابہت رکھتا تھا۔

انہوں نے متعلقہ فریقین اور تمام مسلح تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اگر وسیم کو کسی تنظیم نے تحویل میں لیا ہے تو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ اہل خانہ نے کہا کہ وسیم ایک عام شہری اور کھلاڑی ہیں، اس لیے ان کی زندگی اور آزادی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز