ریاض (ہمگام نیوز) سعودی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے جمعرات کو ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ حوثیوں کو مملکت کے خلاف جاری لڑائی میں شہ دے رہا ہے اور انہیں مسلح کرنے کے ساتھ ساتھ تربیت دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزارت خارجہ کے نائب وزیر برائے عوامی سفارت کاری ڈاکٹر رائد کرملی نے صحافیوں کو بتایا کہ مملکت نے حالیہ ہفتوں میں یمن کے حوثیوں سے رابطہ کیا تھا تاہم اس گروہ نے عمان میں ملاقات سے انکار کر دیا تھا۔

ان کے الفاظ میں، ’’اس کشیدگی کے آغاز میں ہم نے ان سے مسقط، عمان میں ملاقات کی درخواست کی تھی جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔ یہ آخری رابطہ تھا جو چند ہفتے پہلے ہوا۔‘‘

دریں اثنا، سعودی قیادت میں اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے اکتوبر کے دوران ریاض کے ہوائی اڈے پر 20 مرتبہ حملے کیے۔