قلات ( نامہ نگار ) خان آف قلات کے صاحبزادے، ولی عہد پرنس آغا محمد خان احمد زئی بلوچ کے مبینہ اغواء کے خلاف قلات میں سول سوسائٹی کیجانب سے ایک ریلی نکالی گئی، ریلی میں شرکاء نے پرنس آغا محمد خان احمدزئی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔
ریلی مسجد روڈ سے شروع ہوکر شاہی بازار سے ہوتی ہوئی قلات پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر پرنس آغا محمد خان احمدزئی کی رہائی کے مطالبات درج تھے۔
اس موقع پر شرکاء نے (پرنس محمد احمد زئی کو رہا کرو) کے نعرے لگائے اور ان کی بحفاظت بازیابی کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ خان آف قلات کا خاندان بلوچستان کی تاریخ، قبائلی روایات اور اجتماعی شناخت میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ پرنس آغا محمد خان احمد زئی نہ صرف خان آف قلات کے صاحبزادے ہیں بلکہ بلوچستان کی تاریخی اور قبائلی روایات کے حوالے سے بھی اہم حیثیت رکھتے ہیں، شرکاء کا کہنا تھا کہ پرنس آغا محمد احمد زئی بلوچ سب کیلئے قابل احترام اور اعلی شخصیت کے حامل اور اعلی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کی معزز روایات اور تاریخی شناخت کے حامل خان آف قلات کے خاندان کے چشم و چراغ، خان آف قلات آغا میر سلیمان داؤد احمد زئی بلوچ کے صاحبزادے پرنس آغا محمد خان احمد زئی بلوچ کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کا خاتمہ ہوسکے آخر میں شرکاء پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


