شال ( ہمگام نیوز ) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے ترجمان نے جاری بیان میں کہاہے تنظیم کو ظہیر نور کی جانب سے شکایت موصول ہوئی ہے کہ گزشتہ شب بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کی تحصیل جیونی میں سیکیورٹی فورسز نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے ان کی کم عمر بہن شائستہ نور کلمتی کو اپنے ساتھ لے جایا گیا، جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
ظہیر نور کے مطابق، ان کی بہن دل کی مریضہ ہیں اور ان کا پہلے بھی دل کا آپریشن ہو چکا ہے۔ انہیں مسلسل علاج، ادویات اور طبی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ ایسی صورتحال میں ان کی صحت اور زندگی کے حوالے سے شدید خدشات پائے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ شائستہ نور، کم عمر علی اصغر کلمتی کی بڑی بہن ہیں، جنہیں مبینہ طور پر 16 اپریل 2026 کو پاکستانی فوج نے اغوا نما گرفتاری کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا تھا۔ تاحال علی اصغر کے بارے میں بھی اہل خانہ کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے شائستہ نور کلمتی کی مبینہ جبری گمشدگی اور علی اصغر کلمتی کی تاحال عدم بازیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی شہری کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر حراست میں رکھنا اور اہل خانہ کو اس کے بارے میں معلومات فراہم نہ کرنا ملکی قوانین، آئین اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے آخر میں مطالبہ کیا کہ شائستہ نور کلمتی کو فوری طور پر باحفاظت بازیاب کرایا جائے، ان کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اہل خانہ کو ان کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لا کر قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی علی اصغر کلمتی سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور جبری گمشدگیوں کے واقعات کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


