Homeخبریںچابہار میں بلوچ شہری اغوا، دو سال سے زائد عرصے بعد ایک...

چابہار میں بلوچ شہری اغوا، دو سال سے زائد عرصے بعد ایک بلوچ مزدور ضمانت پر رہا

زاہدان (ہمگام نیوز) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر چابہار میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک بلوچ شہری کو اغوا کرلیا، جبکہ دوسری جانب 755 روزہ حراست کے بعد ایک بلوچ مزدور کو پانچ ارب تومان کے ضمانتی مچلکوں پر عارضی طور پر رہا کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، پیر 9 نومبر 2026 کو چابہار کے علاقے رمین کے گاؤں عثمان آباد میں مسلح نامعلوم افراد نے ایک گاڑی میں سوار ہوکر 30 سالہ حسام بہرمند ولد عبد الرشید کو اغوا کرلیا۔ وہ شادی شدہ اور ایک بچے کے والد ہیں۔ تاحال ان کے اغوا کی وجوہات، اغواکاروں کی شناخت اور موجودہ مقام کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

دوسری جانب، بلوچ مزدور مسلم مزارزہی کو 755 روزہ حراست کے بعد پانچ ارب ایرانی تومان کے ضمانتی مچلکوں پر عارضی رہائی مل گئی۔ انہیں اکتوبر 2024 میں نہاوند سے گرفتار کیا گیا تھا اور بعدازاں زاہدان منتقل کرکے مرکزی جیل میں رکھا گیا تھا۔

اسی مقدمے میں گرفتار ایک اور بلوچ مزدور امام مزارزہی کو 15 نومبر 2025 کو 396 روزہ حراست کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، تاہم محمد اکبر مزارزہی تاحال زیرحراست ہیں اور ان کے مقدمے کی قانونی صورت حال غیر واضح ہے۔

اہل خانہ کے مطابق، تینوں افراد مزدور تھے اور کسی سیاسی سرگرمی میں ملوث نہیں تھے۔ ان کی گرفتاری کو ان کے ایسے رشتہ داروں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیا گیا ہے جنہیں ایرانی حکام جیش العدل سے منسوب کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز