لورالائی / موسی خیل ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے درگ روڈ پر تعمیراتی کام میں مصروف سائٹ پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے موقع پر موجود ایک ایکسویٹر مشین کو آگ لگا کر جلا دیا، جبکہ سائٹ سے تین افراد کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور مغوی افراد کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے ۔
دوسری جانب لورالائی سے لاپتہ تین معصوم بچوں پانچ ماہ سے لاپتہ روزالدین حمزہ زئی ،تین ماہ سے لاپتہ
آصف دمڑ اور گزشتہ 12 دن سے لاپتہ معصوم وقاص
خان زخپیل کے لواحقین کا بچوں کی بازیابی کیلے احتجاجی کیمپ جاری رہا ۔اس موقع پر
حافظ حمداللہ نے لورالائی میں جاری احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے لاپتہ بچوں کے معاملے پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ خود اندازہ لگائیں، جب چیف سیکرٹری، وزیراعلیٰ یا کمشنر کے بیٹے کے گھوم ہونے کا معاملہ پیش آیا تو پورا بلوچستان بند ہوگیا تھا، لیکن آج تین معصوم بچے لاپتہ ہیں اور ان کے بارے میں تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
انہوں نے لاپتہ بچوں کی عدم بازیابی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ان معصوم بچوں کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کب کیے جائیں گے؟
بچوں کے والدین بالخصوص مائیں اپنے پیاروں کی واپسی کی امید میں پریشان ہیں۔ ان خاندانوں کو جواب اور بچوں کی بحفاظت بازیابی کا انتظار ہے۔
مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام تینوں لاپتہ بچوں کی بازیابی کے لیے سنجیدہ اور فوری اقدامات کریں اور متاثرہ خاندانوں کو جواب دیں۔


