زاہدان (ہمگام نیوز) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات میں ایک مسلح حملہ آور سمیت تین بلوچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ان واقعات میں کنرک میں فاطمیون ملیشیا کے ٹھکانے پر حملے کے دوران ایک حملہ آور کی مارے جانے کے علاوہ زاہدان اور چابہار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو بلوچ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تفصیلات کے مطابق کنرک کے علاقے کہیر کے نواحی گاؤں بیر سفلی میں واقع ایک اسکول میں فاطمیون ملیشیا کے اہلکاروں کی موجودگی کے مقام پر مسلح حملے کے دوران جانبحق ہونے والے ایک حملہ آور کی شناخت عبدالعزیز بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عبدالعزیز بلوچ کی عمر تقریباً 29 سال تھی۔ وہ عبدالرحمن کے فرزند، شادی شدہ اور تین بچوں کے والد تھے۔ ان کا تعلق ضلع نیکشہر کے گاؤں ہنزم سے تھا۔ وہ جبهہ مبارزین مردمی نامی تنظیم کے رکن تھے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ تنظیم نے 3 نومبر 2026 کو بیر سفلی میں فاطمیون ملیشیا کے ٹھکانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ کارروائی میں فاطمیون کے چھ اہلکار اور ایک حملہ آور ہلاک ہوئے۔ تاہم ذرائع نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں فاطمیون کے سات اہلکاروں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔ جھڑپ کے دوران ایک مسلح شخص بھی مارا گیا تھا، جس کی لاش قابض ایرانی فورسز اپنے ساتھ لے گئی تھیں۔
دوسری جانب زاہدان کے علاقے سرجنگل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک بلوچ شہری جانبحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق 10 نومبر 2026 کی شب زاہدان کے علاقے کورین کے سرجنگل میں ایک میڈیکل اسٹور کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کریم شہ بخش (درک زہی) کو نشانہ بنایا، جو گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
کریم شہ بخش کی عمر تقریباً 35 سال تھی۔ وہ صفر کے فرزند، شادی شدہ اور بچوں کے والد تھے۔ رپورٹ کے مطابق تاحال فائرنگ کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت سامنے نہیں آسکی۔
اسی طرح چابہار کے علاقے پیرسہراب میں بھی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک بلوچ شہری ہلاک ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 9 نومبر 2026 کو گاؤں رادو دج کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اسلم جدگال ولد رسول بخش کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔ اسلم جدگال کا تعلق اور رہائش ضلع چابہار کے علاقے پیرسہراب میں تھی۔ وہ شادی شدہ اور بچوں کے والد تھے۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں ملوث مسلح افراد کی شناخت اور فائرنگ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔
واضح رہے کہ تینوں واقعات الگ الگ مقامات پر پیش آئے، جن میں ایک مسلح حملہ آور اور دو دیگر بلوچ شہر
ی جانبحق ہوئے۔


