لندن(ہمگام نیوز ) فری بلوچستان موومنٹ (FBM) کے زیرِ اہتمام لندن میں بلوچ شہداء ڈے کے موقع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں برطانیہ میں مقیم بلوچ سیاسی و سماجی کارکنوں کے علاوہ کرد آزادی پسند تحریک سے وابستہ رہنماؤں، پشتون تحفظ موومنٹ (PTM) کے نمائندوں اور بڑی تعداد میں بلوچ کارکنوں نے شرکت کی۔
سیمینار کے دوران مقررین نے بلوچ قومی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے بلوچ قومی جدوجہد، قومی شناخت اور مختلف اقوام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔
کرد رہنما اشتیاق پرکریم نے اپنے خطاب میں بلوچ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بلوچ اور کرد قوم کے تاریخی و سیاسی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں اقوام کے درمیان اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان کے بقول ایران دونوں اقوام پر قابض ہے اور بلوچ و کرد عوام کو مسلسل جبر اور طاقت کے استعمال کا سامنا ہے۔
فری بلوچستان موومنٹ کے رہنما راجی بلوچ نے اپنے خطاب میں بلوچ قومی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کی یاد میں اشعار بھی پیش کیے۔
بلوچ راجی زرمبش کے رہنما عبداللہ بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچ دشمن قوتیں بلوچ قوم کو ایرانی اور پاکستانی، مغربی اور مشرقی، شمالی اور جنوبی جیسے مختلف حصوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچ قوم کو ان تقسیم در تقسیم کی کوششوں کا مقابلہ بحیثیت ایک قوم کرنا چاہیے اور ان کے بقول ایران اور پاکستان کی جانب سے استعمال کیے جانے والے تقسیم کے حربوں کو ناکام بنانا چاہیے۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عبدالمالک ہادی نے اپنے خطاب میں بلوچ اور پشتون اقوام کے درمیان اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بلوچ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء نے بلوچ وطن، قومی وقار اور ننگ و ناموس کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
سیمینار کی نظامت کے فرائض فری بلوچستان موومنٹ کے رکن فیض بلوچ نے انجام دیے۔ انہوں نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ ہم آج یہاں صرف وطن کی خاطر قربان ہونے والے شہداء کو یاد کرنے کے لیے جمع نہیں ہوئے بلکہ اس عہد کی تجدید کے لیے بھی اکٹھے ہوئے ہیں کہ بلوچ شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سیمینار کے اختتام پر بلوچ شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کی یاد اور قومی جدوجہد کے پیغام کو آئندہ نسلوں تک پہنچایا جاتا ہے















