سراوان (ہمگام نیوز) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک بلوچ شہری جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں بلوچستان کے معروف گلوکار منہاج مختار بھی شامل ہیں۔
بلوچستان ہیومن رائٹس ڈاکیومنٹیشن نیٹ ورک کے مطابق، آج بروز جمعہ، 20 نومبر 2026 کی علی الصبح سراوان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک بلوچ شہری جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق، جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت 38 سالہ فیصل درازہی ولد محمد یاسین کے نام سے ہوئی ہے، جو شادی شدہ اور پانچ بچوں کے والد تھے۔ ان کا تعلق سراوان کے گاؤں کشتگان سے تھا۔
ذرائع نے زخمیوں میں سے ایک کی شناخت بلوچستان کے معروف گلوکار منہاج مختار کے نام سے بھی کی ہے، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر دو افراد کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ سراوان کے علاقے زنگیان گاؤں کے چہل متری کے سامنے پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں فیصل درازہی کو گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ منہاج مختار کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں اور ان کی جسمانی حالت تسلی بخش بتائی جارہی ہے۔
ذرائع نے اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ فائرنگ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق درازہی قبیلے سے ہے۔
رپورٹ مرتب کیے جانے تک فائرنگ میں ملوث مسلح افراد کی شناخت اور حملے کے محرکات کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آسک
ی تھیں۔


