شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے سابق وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ اینڈ واسا عبدالرحمان کھیتران کی گزشتہ دنوں لاہور سے بیرونِ ملک فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتاری کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد پولیس نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ۔
بارکھان پولیس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کارروائی کے دوران سردار کھیتران کی نجی جیل سے تین سال قبل اغوا کیے گئے قمر دین مسوری بگٹی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
بارکھان پولیس کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران حکام کو ایک نعش کے بعد مزید تین لاشیں بھی ملی ہیں، جنہیں قتل کرنے کے بعد دفن کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران رکھنی پولیس نے سردار عبدالرحمان کھیتران کے چھ محافظوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔
واضح رہے رواں مہینے کے آغاز میں حکومتی کابینہ کا حصہ رہنے والے وزیر عبدالرحمان کھیتران نے بلوچستان حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سرفراز بگٹی کی حکومت کو ناکام قرار دیا تھا۔
سابق صوبائی وزیر نے سرفراز بگٹی کی قیادت میں سابق افغان فورسز کے اہلکاروں کو ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پناہ دینے اور مسلح کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا،اور یہ بھی کہاتھا کہ بلوچ مسلح تنظیموں کو انکے بھائی چچا اور دیگر خاندان کے افراد بھتہ دیتے ہیں ،جس کی وجہ سے ان کیخلاف وہ کاروائی نہیں کرتے ہیں ، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فروری 2023 میں عبدالرحمان کھیتران کے گھر میں قید ایک خاتون کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی، جس میں خاتون نے صوبائی وزیر پر قید رکھنے اور تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد نبی بخش مری نامی شخص نے بتایا تھا کہ 2019 میں صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کے آدمی ان کے خاندان کے آٹھ افراد، جن میں ان کی اہلیہ سماتہ گراں ناز، بیٹی فرزانہ اور بیٹے عبدالستار، عبدالغفار، محمد عمران، محمد نواز، عبدالمجید اور عبدالقادر شامل تھے، کو اغوا کرکے لے گئے تھے اور انہیں حاجی گوٹھ، بارکھان میں قائم اپنی نجی جیل میں قید رکھا گیا تھا۔
سیاسی و سماجی تنظیموں کے شدید دباؤ کے بعد فروری 2023 میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں موجود خاتون گراں ناز، ان کے بڑے بیٹے محمد نواز اور دوسرے بیٹے عبدالقادر کی لاشیں برآمد کی تھیں۔
مذکورہ واقعے کے بعد کوئٹہ کی عدالت نے صوبائی وزیر کو بری کردیا تھا، جس کے بعد وہ موجودہ حکومت کی صوبائی کابینہ کا حصہ بنے رہے اور پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ اینڈ واسا کا قلم دان بھی سنبھالا۔
اس سے قبل 2014 میں بارکھان پولیس نے سردار عبدالرحمان کھیتران اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے ڈیرے پر چھاپہ مارتے ہوئے ان کی ایک نجی جیل سے ایک خاتون سمیت پانچ افراد کو بھی بازیاب کرایا تھا۔
مزید برآں، 2022 میں مقامی صحافی انور جان کھیتران کے قتل کا مقدمہ سردار عبدالرحمان کھیتران کے محافظوں کے خلاف درج کیا گیا تھا، تاہم وہ ان مقدمات کے سلسلے میں کبھی گرفتار نہیں ہوئے، اور بری کردی گئے۔
بلوچستان کے سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق عبدالرحمان کھیتران کو پاکستانی فورسز حکام کی حمایت حاصل رہی ہے، جس کے باعث وہ ماضی میں مختلف مقدمات سے بری ہوتے رہے اور متعدد بار تشکیل کردہ حکومتوں کا حصہ رہے۔
ان حلقوں کا کہنا ہے کہ اب سرفراز حکومت سے اختلافات کے بعد انکے خلاف دفن جرائم کے کھاتے حکام کی جانب سے کھولے جارہے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


