24 نومبر 2026 | ایڈلسٹام فاؤنڈیشن | پریس ریلیز
اسٹاک ہوم: سویڈن کی ایڈلسٹام فاؤنڈیشن نے پاکستانی مقبوضہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی بلوچ ڈاکٹر اور انسانی حقوق کی معروف کارکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو انسانی حقوق کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات اور بے مثال جرات کے اعتراف میں ایڈلمسٹام ایوارڈ 2026 دینے کا اعلان کیا ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو یہ ایوارڈ جبری گمشدگیوں کے متاثرین کے لیے سچائی اور انصاف کی جدوجہد، اپنے عقیدے اور نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کے حق اور انسانی حقوق کے دفاع کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
ایوارڈ دینے کی تقریب 3 دسمبر 2026 کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں واقع رِدارہوس (Riddarhuset) میں منعقد ہوگی۔ تاہم ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے باعث وہ خود تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔ ان کی جانب سے یہ ایوارڈ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اسیر رہنما بیبو بلوچ کے بھائی میر بلخ شیر وصول کریں گے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جدوجہد کا آغاز
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا تعلق پاکستانی مقبوضہ بلوچستان سے ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔ جبری گمشدگیوں کے خلاف ان کی جدوجہد اس وقت شروع ہوئی جب وہ ابھی کم عمر تھیں۔
2009 میں ان کے والد عبدالغفار لانگووے کو مبینہ طور پر قابض پاکستانی سکیورٹی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کر دیا تھا۔ بعد ازاں ان کے والد کو ان کی سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے قتل کر دیا گیا اور تین سال بعد ان کی لاش ملی۔
اس واقعے نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے بلوچستان میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے لیے آواز اٹھانے، ان کے پیاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور ان کی بازیابی کے مطالبے کو اپنی جدوجہد کا بنیادی مقصد بنا لیا۔
گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران بلوچستان میں بلوچ قوم سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد مبینہ طور پر جبری گمشدگیوں کا شکار ہوئے ہیں۔
سچائی اور انصاف کے لیے مسلسل جدوجہد
مارچ 2025 میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے دیگر رہنماؤں کو ایک پولیس کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ یہ کارروائی تنظیم کے ایک ساتھی کی جبری گمشدگی کے خلاف ہونے والے پُرامن احتجاج کے بعد کی گئی۔
فاؤنڈیشن کے مطابق احتجاج کے دوران پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین افراد جان سے گئے۔
سچائی اور انصاف کے لیے ان کی غیر متزلزل جدوجہد کے باوجود ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سویڈن میں اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے موجود نہیں ہوں گی، کیونکہ جون 2026 میں کوئٹہ کی ہُدہ جیل میں منعقد ہونے والی عدالتی کارروائی کے بعد انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
ایڈلمسٹام ایوارڈ کی جیوری کی سربراہ اور ہیرالڈ ایڈلمسٹام فاؤنڈیشن کی شریک بانی کیرولین ایڈلمسٹام نے کہا:
“ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی بہادرانہ قیادت نے پاکستان جبری گمشدگیوں کا شکار ہونے والے ہزاروں افراد کے مسئلے کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا ہے۔ انسانی حقوق کے لیے سرگرم جدوجہد کی یہ ایک غیر معمولی مثال ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے متاثرین کے لیے سچائی اور انصاف کا مطالبہ کرنے کی خاطر ہزاروں افراد کو پُرامن احتجاج، مہمات اور لانگ مارچ میں متحرک کیا۔ انہوں نے تخلیقی طریقوں سے مزاحمت کی اور غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
کیرولین ایڈلمسٹام کے مطابق پاکستان میں انسانی حقوق کے محافظوں کو خاموش کرانے کے لیے منظم خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں، جن میں غیر قانونی حراست، جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل، فوری سزائے موت، معاشی استحصال اور سیاسی و ثقافتی آزادیِ اظہار پر سنگین پابندیاں شامل ہیں۔
بہادرانہ قیادت اور ایک عوامی تحریک
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ جبری گمشدگیوں کا شکار ہونے والے افراد کی ماؤں اور انصاف کی جدوجہد میں اپنے پیاروں کو کھونے والی خواتین کی ایک مؤثر آواز بن کر سامنے آئی ہیں۔
انہوں نے ان ماؤں کے مطالبات، ان کے دکھ اور انصاف کے لیے ان کی جدوجہد کو عوامی سطح پر اجاگر کیا ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے بچپن ہی سے ریاستی جبر کے خلاف آواز اٹھانا شروع کی تھی۔ وقت کے ساتھ وہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایک نمایاں رہنما بن گئیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی تحریک بلوچستان کے قدرتی وسائل پر مقامی آبادی کے زیادہ اختیار کا بھی مطالبہ کرتی ہے۔ بلوچستان کوئلے، قدرتی گیس، سونے اور تانبے جیسے قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے۔
فاؤنڈیشن کے مطابق بلوچستان کئی دہائیوں سے تشدد اور انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کا شکار رہا ہے۔ ان میں ریاستی اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور مسلح گروہوں سے منسوب کارروائیاں شامل ہیں، جن کا نشانہ مقامی آبادی اور وہ انسانی حقوق کے کارکن بنتے ہیں جو ان خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دیتے اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ایڈلمسٹام فاؤنڈیشن نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دیگر گرفتار رہنماؤں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔
فاؤنڈیشن نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے خلاف عدالتی کارروائی میں ہر صورت منصفانہ ٹرائل کے بنیادی حق کا احترام کیا جائے۔ اس میں ذاتی طور پر عدالتی کارروائی میں شرکت، اپنی مرضی کا وکیل منتخب کرنے اور اس سے مشاورت کرنے کا حق، نیز کھلی اور شفاف عدالتی کارروائی شامل ہے۔
کیرولین ایڈلمسٹام نے کہا:
“ایک عدالتی نظام کا فرض ہے کہ وہ انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں کا تحفظ کرے، نہ کہ اسے انہیں سزا دینے اور خوف زدہ کرکے خاموش کرانے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے۔ انہیں ایسے محفوظ ماحول میں اپنا کام کرنے کا حق حاصل ہے جہاں انہیں انتقامی کارروائیوں اور تشدد کا سامنا نہ کرنا پڑے۔”
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے خلاف عدالتی کارروائی پاکستان میں قانون کی حکمرانی، پُرامن مزاحمت کے تحفظ اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے حقوق سے متعلق بنیادی سوالات پیدا کرتی ہے۔
ان کے مطابق تمام عدالتی کارروائیوں کو منصفانہ ٹرائل کے بین الاقوامی اصولوں پر پورا اترنا اور قانونی تحفظ کی ضمانت دینا ضروری ہے۔
جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ
جبری گمشدگیاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 18 نومبر 1992 کو قرارداد نمبر 47/133 کے ذریعے تمام افراد کو جبری گمشدگی سے تحفظ فراہم کرنے کا اعلامیہ منظور کیا تھا۔
اس اعلامیے کے مطابق:
“جبری گمشدگی پر مشتمل ہر عمل انسانی وقار کی خلاف ورزی ہے۔”
ایڈلمسٹام فاؤنڈیشن نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت جبری گمشدگیوں پر مکمل پابندی کو یقینی بنائیں اور رپورٹ ہونے والے تمام واقعات کی فوری، جامع اور آزادانہ تحقیقات کرائیں۔
فاؤنڈیشن نے اقوام متحدہ کے 20 دسمبر 2006 کو منظور کیے گئے بین الاقوامی کنونشن برائے تحفظِ تمام افراد از جبری گمشدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیر معمولی صورت حال کو جبری گمشدگیوں کے جواز کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔
اس میں جنگ، جنگ کا خطرہ، اندرونی سیاسی عدم استحکام یا کسی بھی دوسری ہنگامی صورت حال کو جواز بنانا شامل ہے۔
فاؤنڈیشن کے مطابق پاکستان ان 80 ممالک میں شامل ہے جنہوں نے ابھی تک اقوام متحدہ کے جبری گمشدگیوں کے خلاف کنونشن کی توثیق کے لیے اقدامات نہیں کیے۔
کیرولین ایڈلمسٹام نے کہا:
“جبری گمشدگیوں کا شکار ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو سچ جاننے، جواب حاصل کرنے، انصاف اور ازالے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ بین الاقوامی قانون کے تحت جبری گمشدگیوں کا شکار افراد کے خاندانوں کو بھی ان خلاف ورزیوں کا متاثرہ تسلیم کیا جاتا ہے۔”
تحفظ کی ذمہ داری اور عالمی برادری کا کردار
فاؤنڈیشن نے کہا کہ بلوچ عوام کی مسلسل تکالیف کو عالمی برادری کی خاموشی یا بے حسی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
عالمی برادری کو تحفظ کی ذمہ داری (Responsibility to Protect – R2P) کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے، انسانی حقوق کی سنگین مبینہ خلاف ورزیوں کی آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کی حمایت کرنی چاہیے، انصاف کے حصول کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں اور ذمہ داروں کو جواب دہ بنانا چاہیے۔
کیرولین ایڈلمسٹام نے کہا:
“ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی آبادی کا تحفظ کرے اور اس سلسلے میں انسانی، سکیورٹی اور بنیادی انسانی حقوق کے تقاضوں کو مدنظر رکھے۔ پاکستان کو انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔”
ایڈلمسٹام ایوارڈ کی جیوری کی جانب سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے انتخاب کی وجوہات
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ایک پاکستانی ڈاکٹر ہیں جنہوں نے اپنے ملک میں انسانی حقوق کے دفاع کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ہے۔
وہ ریاستی جبر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی جبری گمشدگیوں اور بلوچستان میں پاکستانی حکام سے منسوب ماورائے عدالت قتل کے خلاف مہم چلا رہی ہیں۔
وہ جبری گمشدگیوں کا شکار ہونے والے افراد کی ماؤں کی اجتماعی آواز بن چکی ہیں، جو مسلسل انصاف کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
اپنا طبی پیشہ جاری رکھنے کے بجائے انہوں نے ان خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا جو اسی تکلیف اور ناانصافی سے گزر رہے تھے۔
2011 میں ان کی زندگی میں ایک بڑا سانحہ پیش آیا، جب ان کے والد کو جبری گمشدگی کے بعد پاکستانی فورسز کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا۔
2017 میں انہوں نے اپنے لاپتہ بھائی کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کیا۔
گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ہزاروں بلوچ جبری گمشدگیوں کا شکار ہوئے ہیں۔ بہت سے افراد کو سکیورٹی فورسز نے قانونی کارروائی اور عدالتی تحفظ کے بغیر حراست میں لیا، جبکہ بعض کو مبینہ طور پر اغوا، تشدد اور قتل کیا گیا۔ یہ کارروائیاں ایک طویل عرصے سے جاری علیحدگی پسند شورش کے خلاف آپریشنز کے دوران ہوئیں۔
ریاستی جبر کے تباہ کن اثرات کو اپنی زندگی میں محسوس کرنے کے بعد ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے صرف اپنے خاندان کے لیے نہیں بلکہ تمام متاثرین، قانون کی حکمرانی اور پاکستان میں سچائی کے حق کے لیے جدوجہد کا فیصلہ کیا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی بہادرانہ قیادت کرتے ہوئے انہوں نے ہزاروں افراد کو پُرامن احتجاج اور مہمات میں متحرک کیا۔ ان احتجاجوں میں غیر قانونی حراست، تشدد، جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے متاثرین کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا گیا۔
2023 میں وہ تاریخی بلوچ لانگ مارچ اسلام آباد کی نمایاں رہنماؤں میں شامل تھیں۔ اس مارچ میں جبری گمشدگیوں کا شکار ہونے والے افراد کے خاندانوں نے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا۔
گرفتاریوں، دھمکیوں، سفری پابندیوں، نگرانی اور پرتشدد کارروائیوں کے باوجود انہوں نے خاموش رہنے سے انکار کیا۔
2024 میں انہوں نے گوادر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا۔ ان مظاہروں میں بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ایسے معاشی منصوبوں کے خلاف آواز اٹھائی گئی جو فاؤنڈیشن کے مطابق بلوچ عوام کی رضامندی یا حمایت کے بغیر نافذ کیے جا رہے تھے۔
انہوں نے اپنے وطن اور قدرتی وسائل کے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کرنے کے بلوچ عوام کے حق پر زور دیا۔
2025 میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دیگر رہنماؤں کو تنظیم کے ایک ساتھی کی جبری گمشدگی کے خلاف پُرامن احتجاج کے بعد پولیس کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
جون 2026 میں انہیں کوئٹہ کی ہُدہ جیل میں منعقدہ عدالتی کارروائی کے بعد عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
فاؤنڈیشن کے مطابق ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر شریک ملزمان نے کھلی عدالتی کارروائی اور اپنی مرضی کا وکیل منتخب کرنے کے حق سے محروم کیے جانے کے بعد عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔
اس مقدمے نے اس حوالے سے سنگین خدشات پیدا کیے ہیں کہ آیا ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو منصفانہ اور شفاف ٹرائل کا حق دیا گیا یا نہیں۔
پاکستانی حکام سے مطالبات
ہیرالڈ ایڈلمسٹام فاؤنڈیشن نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے حکام سے احتراماً مطالبہ کیا ہے کہ:
* ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔
* ہر صورت منصفانہ، شفاف اور آزادانہ عدالتی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
* انسانی حقوق کے کارکنوں کو خوف زدہ اور خاموش کرنے کے لیے جانبدارانہ عدالتی کارروائیوں کے غلط استعمال کو روکا جائے۔
* بلوچ یکجہتی کمیٹی اور اس کے حامیوں کے خلاف تمام انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔
* جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا احتساب ممکن ہو۔
فاؤنڈیشن نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ عملی اقدامات کرے، پاکستان کو انسانی حقوق سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دے اور ایسے مؤثر بین الاقوامی احتسابی نظام کی حمایت کرے جو اس وقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنا سکے جب قومی حکام ایسا کرنے میں ناکام رہیں۔
ایڈلمسٹام ایوارڈ کیا ہے؟
ایڈلمسٹام ایوارڈ (The Edelstam Prize) سویڈن میں قائم ایک بین الاقوامی مالیاتی ایوارڈ ہے، جو ہیرالڈ ایڈلمسٹام فاؤنڈیشن کی جانب سے انسانی حقوق کے دفاع میں غیر معمولی خدمات اور عظیم شہری جرات کے مظاہرے پر دیا جاتا ہے۔
اس ایوارڈ کا نام سویڈن کے سفارت کار اور سفیر ہیرالڈ ایڈلمسٹام کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے انسانی حقوق کے دفاع میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور شہری بہادری کا مظاہرہ کیا۔
ہیرالڈ ایڈلمسٹام اس تصور کے ابتدائی حامیوں اور علامتوں میں شمار ہوتے تھے جسے آج تحفظ کی ذمہ داری (Responsibility to Protect) کہا جاتا ہے۔
وہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم سفارت کاری کے حامی تھے اور ان کے تاریخی اقدامات نے ایک ہزار سے زائد افراد کی جانیں بچانے میں مدد دی۔
ہیرالڈ ایڈلمسٹام خاص طور پر 1973 میں چلی میں آگسٹو پنوشے کی فوجی بغاوت کے دوران اور اس کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں کی جانیں بچانے کے حوالے سے معروف ہیں۔
اس کے علاوہ دوسری جنگ عظیم کے آخری دور میں نازی جرمنی کے زیر قبضہ ناروے میں انہوں نے تقریباً ایک سو ناروے کے مزاحمتی کارکنوں اور یہودیوں کی جانیں بچائی تھیں۔
نوٹ: یہ رپورٹ Edelstam Foundation کی ویب سائٹ پر شائع ہوا ہے ہمگام ادارے کی اصول و ضوابط کے مد نظر رکھتے ہوئے جہاں ضروری ہوا قابض و مقبوضہ کا اضافہ کیا گیا جب کہ شخصیات کے الفاظ کو ہوبہو ترجمہ کیا گیا ، اصل نیوز کا لنک درج ذیل ہے
https://via.tt.se/pressmeddelande/4653796/une-courageuse-defenseure-pakistanaise-des-droits-humains-le-prix-edelstam-dr-mahrang-baloch-condamne-a-deux-peines-a-perpetuite-a-lissue-dun-proces-inequitable?publisherId=3236482&lang=en&fbclid=IwdGRzaAVyb
uxjbGNrBXJu4GV4dG4DYWVtAjExAHBkb2YBc3J0YwZhcHBfaWQMMzUwNjg1NTMxNzI4AAEf4sQL3tjyum1VFuviCBL2x6LmoOgj_Xjyv3cCKfw3R1VjvNv9IFkEBfz5ONQ_aem_fzv3yCXUUTDA66ZnBcz0Fw








