شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے مرکزی شہر شال سے ینگ لائیرز الائنس بلوچستان کا ایڈووکیٹ آفتاب بلوچ کی جبری گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار، فوری بازیابی کا مطالبہ
ینگ لائیرز الائنس بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تنظیم نے بلوچستان سے ایڈووکیٹ آفتاب بلوچ کی مبینہ جبری گمشدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ آفتاب بلوچ کو 24 اور 25 نومبر کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے سریاب روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
وکلاء کے مطابق تاحال ان کے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں کوئی مستند معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شہری کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر حراست میں لینا، اس کی گرفتاری کو خفیہ رکھنا اور اہلِ خانہ کو اس کے مقامِ موجودگی سے بے خبر رکھنا آئینِ پاکستان، بنیادی انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کے منافی ہے، خصوصاً ایک وکیل کی مبینہ جبری گمشدگی نہ صرف وکلاء برادری بلکہ پورے نظامِ انصاف کے لیے باعثِ تشویش ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وکلاء کے تحفظ، پیشہ ورانہ آزادی اور قانونی وقار کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ینگ لائیرز الائنس بلوچستان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایڈووکیٹ آفتاب بلوچ کو فوری طور پر بازیاب کرکے ان کے اہلِ خانہ کو ان کی خیریت اور مقامِ موجودگی سے آگاہ کیا جائے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ وکلاء کے بنیادی حقوق، تحفظ اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا انھیں ہر حال میں چھوڑنا ہی پڑے گا۔


