Homeخبریںتربت کے مردہ خانے میں قابض فورسز ہاتھوں قتل ہونے والے...

تربت کے مردہ خانے میں قابض فورسز ہاتھوں قتل ہونے والے پانچوں افراد کی شناخت ہوگئی ، ان میں مبینہ طور پر زیرِ حراست لاپتہ افراد بھی شامل ہیں

تربت (ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ تربت ٹیچنگ ہسپتال تربت کے مردہ خانے میں قابض فورسز کی جانب سے دو روز قبل منتقل کی گئی پانچوں نعشوں کی شناخت اہلِ خانہ نے کرلی ہے۔ شناخت ہونے والوں میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہیں اہلِ خانہ کے مطابق کئی ماہ قبل سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق شناخت ہونے والوں میں اللہ داد میران ولد محمد حاصل سکنہ بِٹ بلیدہ، شعیب ولد قادر بخش سکنہ دشت تنک، پزیر احمد ولد فضل سکنہ تمپ سرنکن، ماں باپ کا اکلوتا بیٹا مقبول ولد خاطر علی سکنہ گورکوپ اور فدا احمد ولد محمد تاج سکنہ جمک، گورکوپ شامل ہیں۔

ان میں مقبول ولد خاطر علی کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں تقریباً سات ماہ قبل گورکوپ کے علاقے سے سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا تھا، جبکہ ان کی نعش اب تربت ٹیچنگ اسپتال کے مردہ خانے سے شناخت ہوئی ہے۔

ان پانچ افراد میں فدا احمد ولد تاج محمد کا معاملہ بھی انتہائی تشویش ناک بتایا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر دستیاب معلومات اور اہلِ خانہ کے مطابق فدا احمد تربت یونیورسٹی کے طالب علم تھےاور ضلع کیچ کی یونین کونسل جمک، گورکوپ کے رہائشی ہے۔ وہ تقریباً آٹھ ماہ سے لاپتہ تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق فدا احمد ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے تربت سے اپنے آبائی علاقے جمک، گورکوپ گئے تھے۔ واپسی کے دوران دن دھاڑے پیدراک کے مقام پر فورسز (ایف سی) نے انہیں اپنی تحویل میں لیا تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر موجود خواتین نے مزاحمت کی تو اہلکاروں نے یقین دہانی کرائی کہ تفتیش کے بعد انہیں رہا کردیا جائے گا۔

تاہم اہلِ خانہ کے مطابق آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود فدا احمد کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ اہلِ خانہ نے ان کی بازیابی کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ، آئی جی ایف سی بلوچستان اور دیگر متعلقہ حکام سے بھی اپیل کی تھی، لیکن اب ان کی لاش تربت ٹیچنگ ہسپتال کے مردہ خانے سے شناخت ہوئی ہے۔

فدا احمد کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں ایک جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ فدا احمد ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے تھے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل قابض فورسز نے پانچ لاشیں ٹیچنگ ہسپتال تربت پہنچاکر دعوی کیا تھا کہ یہ افراد ناصر آباد اور بلیدہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن اور جھڑپوں کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری جانب سرکاری بیان میں ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران چھ افراد کی ہلاکت، اسلحہ اور خودکش حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرنے سمیت متعدد ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

انسانی حقوق کے تنظیموں کا کہنا ہے پانچوں نعشوں کی شناخت کے بعد یہ معاملہ مزید سنگین انسانی حقوق کے سوالات کو جنم دے رہا ہے، خصوصاً ان افراد کے حوالے سے جن کے اہلِ خانہ انہیں مہینوں سے لاپتہ قرار دے رہے تھے۔ اہلِ خانہ کے الزامات کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات، مبینہ حراست کے ریکارڈ کی فراہمی اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز