واشنگٹن(ہمگام نیوز) امریکی ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی ٹیلی وژن پر چلنے والی خبروں کے مطابق نو افراد کو گولیاں لگی ہیں اور مشتبہ مسلح شخص حراست میں لے لیا گیا ہے۔ شیرف سکاٹ اسرائیل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں اور انھیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے اطلاع ملی کہ ٹرمینل پر گولیاں چل رہی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے سابق پریس سیکریٹری ایری فلیچر نے ایک ٹویٹ میں کہا: 146میں فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر موجود ہوں، یہاں فائرنگ ہوئی ہے، ہر کوئی بھاگ رہا ہے۔145 ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمینل 2 پر سامان کے لیے مخصوص علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ میامی کے ایک ٹی وی سٹیشن میں ایک فوٹیج بھی چلائی گئی ہے جس کے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ کے بیگج ٹرمینل سے بھیجی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں کئی لوگوں کو فرش پر گرے ہوئے دکھایا گیا ہے اور وہاں موجود دوسرے لوگ مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔ سینکڑوں افراد باہر سڑک پر کھڑے ہیں جبکہ درجنوں پولیس کی گاڑیاں اور ایمولینسیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔ فلوریڈا کے گورنر ائیرپورٹ پہنچ رہے ہیں تاکہ انھیں تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے۔