واشنگٹن: (ہمگام نیوزویب ڈیسک ) میڈیا اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ آئندہ ہفتے پا کستان کا دورہ کرینگے اور پاکستان کی نئی حکومت سے ملاقات کرینگے ۔امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے تصدیق کی ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈن فورڈ آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ اور جنرل جوزف پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقات میں امریکی عہدیدار صاف اور واضح طور پر یہ طے کرینگے کہ ہمیں کیا کرنا ہے ؟ انھوں نے بتایا کہ بات چیت کا بنیادی نقطہ مشترکہ دشمنوں اوردہشت گردوں کےخلاف کارروائی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق امریکی عہدیدار ممکنہ طور پر 5 ستمبر کو ایک روزہ دورے پر پاکستان جائیں گے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ مائیک پومپیو نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا جس کے دوران انھوں نے پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیاتھا ،امریکا کا مزید کہنا تھا کہ افغان امن عمل کو بڑھاوا دینے میں پاکستان کا اہم کردارہے۔
یاد رہے پاکستان نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق جاری کردہ امریکی بیان کو حقائق کے منافی قرار دےکر مسترد کردیا تھا۔جبکہ امریکی وزیردفاع کا کہنا ہے کہ اس دورے میں اعلی امریکی عہدیدار واضع طور پر یہ طے کرینگے کہ ہمیں کیا کرنا ہے ۔


