دہلی (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کے شمال مشرقی شہرلکھنٔو میں سڑک کے کنارے سوئے مزدوروں پر تیز رفتار ٹرک چڑھا دی، جس کے نتیجے میں کم سے کم 18 مزدور جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
بھارتی پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ لکھنو سے شمال مشرق میں تیس کلو میٹر دور ایک مصروف شاہراہ پر بارا بانکے کے مقام پر پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی تین درجن محنت کش سڑک کے کنارے خراب بس کے نیچے سوگئے۔ یہ بس کچھ دیر قبل بہار جاتے ہوئے خراب ہوگئی تھی۔ اسی سڑک پرآنے والا ایک تیز رفتار ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھڑی بس سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں 18 مزدور ہلاک اور چوبیس زخمی ہوگئے۔ زیادہ تر افراد محنت مزدوری کرکے گھروں کو واپس لوٹ رہے تھے۔
ایک پولیس افسر یمونا پرساد نے بتایا کہ حادثہ انتہائی المناک تھا جس کے نتیجے میں 16 مزدور موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ دو شدید زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔
پولیس عہدیدارنے بتایا کہ بس کے اندر بھی مسافر موجود تھے اور انہیں بتایا گیا تھا کہ بس اگلی صبح تک ٹھیک نہیں ہوگی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔


