کوئٹہ : (ہمگام نیوز) آواران کے رہائشی لاپتہ جمیل احمد کی بیٹی اسما بلوچ نے کہا ہے کہ ہمارے بابا کو 29 اپریل 2013ء کو گھر سے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا گیا۔
اسما بلوچ کے مطابق 11 سال گزر چکے ہیں، میں اور میرا خاندان اب بھی اپنے بابا کی بحفاظت رہائی کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ والد ایک سائبان شفقت ہے، جس کے سائے میں اولاد پروان چڑھتی ہے۔ باپ کے ہوتے ہوئے اولاد خود کو محفوظ سمجھتی ہے۔ میرے والد کے گمشدگی کو 11 سال کا طویل عرصہ مکمل ہورہا ہے۔
اسما بلوچ نے کہا کہ میں اپیل کرتی ہوں کہ تمام انسان دوست افراد میرے والد کی باحفاظت بازیابی میں میرا ساتھ دیں۔
29 اپریل شام 6 بجے سے 12 بجے تک سوشل میڈیا کی سائٹ ایکس پر جمیل احمد کی با حفاظت بازیابی کے لئے مہم چلائی جائے گی۔
بلوچ وائس فار جسٹس کی جانب سے تمام سیاسی و سماجی اور سوشل میڈیا و انسانی حقوق کے کارکنوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کمپین میں شامل ہوکر اسما بلوچ کے والد کی باحفاظت بازیابی کے لئے آواز اٹھائیں ان کے خاندان کی آواز بنیں۔