Homeخبریںبلوچستان سے اغواء ہونے والےچیک ری پبلک کی دو خواتین رہا...

بلوچستان سے اغواء ہونے والےچیک ری پبلک کی دو خواتین رہا

اسلام آباد (ہمگام نیوز) بلوچستان سے مبینہ شدت پسندوں کی طرف سے اغواء کی گئی چیک ری پبلک کی دو خواتین کو رہا کردیا گیا۔دونوں خواتین انتونی چراستیکا اور ہانا ہمپالوا کو 2013ء میں بلوچستان کے ضلع چاغی سے ایران سے صوبے میں داخل ہوتے وقت اغواء کیا گیا تھا،کسی بھی گروپ نے ان کے اغواء کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی ،اغواء کاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر2013ء میں منظر عام پر آنیوالی ویڈیو میں دونوں خواتین کو امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ترکی کی خیراتی تنظیم آئی ایچ ایچ نے کہا ہے کہ چیک خواتین کی رہائی ان کی کوششوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔ تنظیم نے اپنی ویب سائٹ پر رہا ہونیوالی خواتین کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، تنظیم کے ایک اہلکار عزت ساہن نے ترک خبر رساں ادارے انادولو کو بتایا کہ رہا ہونیوالی دونوں خواتین جمعہ کی رات ترکی کے مشرقی صوبے وان پہنچ گئیں تھیں جنہیں بعد میں اپنے ملک بھجوا دیا گیا ہے۔چیک ری پبلک کے وزیراعظم نے رہاء ہونیوالی دونوں خواتین کے ملک پہنچنے کی تصدیق کی ہے ۔ خیراتی ادارے کے اہلکارعزت ساہن نے کہا کہ خواتین کی رہائی کیلئے اغواء کاروں کیساتھ دو مہینے تک مذاکرات چلتے رہے، انہوں نے کہا کہ رہاء ہونیوالی خواتین نے ان کی خیراتی تنظیم سے دو ماہ پہلے رابطہ کیا تھا جس پر تنظیم نے ان کی زندگی بچانے کیلئے اغواء کاروں سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ رہا ہونیوائی خاتون ہانا ہمپالوا نے ترک خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اغواء ہونے کے بعد ہماری زندگی بہت مشکل تھی ،زندگی میں پہلی مرتبہ ہم نے اسلحہ اور مسلح افراد دیکھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک معلوم نہیں ہے کہ ہمیں کہاں لے جایا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ ہم فائرنگ اور بم گرنے کی آوازیں بھی سنتی رہتی تھیں لیکن وقت کیساتھ ساتھ ہم اس کی عادی ہوگئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسیری کے دوران ہمیں اپنے بچے اور خاندان یاد آتے رہے ، دوران اسیری ہمیں رہائی کی امید رہتی تھی، دوسری مغوی خواتین انتونی چراستیکا نے کہا کہ مجھے اب بھی اپنی رہائی کا یقین نہیں آرہا ہے۔

Exit mobile version