Homeخبریںبلوچ طلباء کو لاپتہ کرنا ریاست کی ایک سوچی سمجھی سازش...

بلوچ طلباء کو لاپتہ کرنا ریاست کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل فیصل آباد

فیصل آباد (ہمگام نیوز ) بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل فیصل آباد کے ترجمان نے اپنی جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جاوید بلوچ ولد بشیر احمد جو کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طالب علم رہ چکے ہیں ۔ کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا ہے جو انتہائی افسوس ناک ہے اور اس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ بلوچ طلباء کو مسلسل جبر کا نشانہ بنانے کا نہ رکنے والا تسلسل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ طلباء کو مسلسل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہراساں کر کے انہیں جبری گمشدگی کا شکار بنا کر انہیں مختلف ذرائع سے ذہنی اذیت کا شکار بنانا ایک ریاستی پیشہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لواحقین کے مطابق جاوید بلوچ کو آج صبح خضدارمیں ان کی ذاتی دکان سے 00: 10 بجے کے وقت تین گاڑیوں میں فورسز کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے بنا کسی جرم اور بغیر کسی ایف آئی آر کے لاپتہ کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جاوید بلوچ ولد بشیر احمد زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈیپارٹمنٹ ہارٹیکلچر میں 2018 سے 2022 تک طالب علم رہے۔ وہ بلوچ اسٹوڈنس کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سابق چیئرمین رہ چکے ہیں ۔ بعد ازاں وہ خضدار میں بطور ایک استاد اپنے علاقے کے بچوں کو علم کی روشنی سے منور کر رہے تھے.

ترجمان نے بیان کے آخر میں کہا کہ طلباء کو یوں لاپتہ کرنا باعث تشویش ہے جسکی ہم پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ متعلقہ اداروں، حکام بالا اور زمہ دار حلقوں سے گزارش کرتے ہیں کہ جاوید بلوچ کو بازیاب کیا جائے اور بلوچ طلباء کے ساتھ ناروا سلوک ترک کر کے انہیں مزید ذہنی کوفت میں مبتلا نہ کریں۔جاوید بلوچ کو جلد از جلد بازیاب نہ کیا گیا تو ہم بھر پور احتجاج کا راستہ اپنائیں گے اور اپنا آئینی حق استعمال کرینگے۔

Exit mobile version