Homeخبریںتعلیمی اداروں میں غیر حاضر اساتذہ کے‎ خلاف فوری کریک ڈاؤن عمل...

تعلیمی اداروں میں غیر حاضر اساتذہ کے‎ خلاف فوری کریک ڈاؤن عمل میں لایاجائے ۔ تجابان لیٹریسی سوسائٹی

کیچ ( ہمگام نیوز ) ‎تجابان لیٹریسی سوسائٹی کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی بحران کسی سے ڈَھکی چُھپی نہیں،بلوچستان میں مانگے تانگے کے اگر کچھ تعلیمی ادارے موجود بھی ہیں تو وہ سہی معنوں میں تعلیمی معیار پر پورا نہیں اُترتے،یہی حال تجابان ،سنگ آباد اور ‎ “کرکی” کے تعلیمی اداروں کا بھی ہے۔ اِسکی سب سے بڑی وجہ دشمن قوتوں کے بعد غیر حاضر اساتذہ ہیں ،حالانکہ متعدد بار شکایت درج کرنے اور ایجوکیشن افسران کے دوروں میں غیر حاضر ہونے کے باوجود بھی ان کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔

ہمارے ادارے کے پاس‎ ان میں سے کچھ اساتذہ کی لیوز اپلیکیشنز کے مسترد ہونے کے ثبوت بھی موجود ہیں جو متلقہ محکمے کو ارسال بھی کی گئی ہیں مگر پھر بھی انکے خلاف کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی کیونکہ ان اساتذہ کو مخصوص طاقتور تعلیم دوست نما تعلیم دشمن ٹولے کی حمایت حاصل ہے جبکہ ان تعلم دشمن افراد کے خود کے بچےاچھے شہروں کے مہنگے اسکولوں میں پڑھتے ہیں اور یہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ان غیر حاضر اساتذہ کی پشت پناہی‎ کرتے نہیں تھکتے۔

ہم ان علاقوں میں رہنے والی عوام سے بھی مخاطب ہو کر یہ کہنا چاہتے ہیں کہ یہ غیر حاضر اساتذہ آپ کے بچوں کے روشن مستقبل کو تاریکی میں تبدیل کرنے کے ذمہ دار ہیں،ایک ہی علاقے میں رہنے کی خاطر ،رشتہ داری کی خاطر اور بھائی چارگی کی خاطر ان کو کسی‎ بھی قسم کا ناجائز استثنا دینے اور ہمدردی جتانے سے اجتناب کریں کیونکہ یہی وجوہات انکو حوصلہ اور اجازت دیتی ہے جس سے یہ ہمارے اور آپکے بچوں کی مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔

یہ تعلیمی ادارے ہی غریب طلباء کے مستقبل کی ضمانت ہیں،انکو آپ اور ہم نے ہی سنبھالنا ہے۔تاہم تجابان لیٹریسی سوسائٹی غیر حاضر اساتزہ اور انکے سرپرست تعلیم دشمن ٹولے کو واضح کرتی ہے کہ ہم کسی بھی صورت اپنے تعلیمی اداروں کو کسی کی ذاتی میراث اور اکھاڑا بننے نہیں دینگے۔

تجابان لیٹریسی سوسائٹی ذمہ دار اساتذہ اکرام کا بے حد احترام کرتی ہےاور ان تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ کے بھی ساتھ کھڑی ہے جو اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے انکے خلاف کاروائی کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،اس کے علاوہ ہم یہ بات بھی واضح کرتے چلیں کہ ہم ان غیر حاضر اساتذہ کو حاضر کرنے اور انکے خلاف کاروائی کو ممکن بنانے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

‎اس کے علاوہ ان تین علاقوں میں ایک بھی اسکول میں امتحانی ہال اور سائنس لیبارٹری موجود نہیں جس کے وجہ سے طلباء کو پڑھائی کے عمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔

بیان کے آخر میں تجابان لیٹریسی سوسائٹی نے کہا کہ ہم حکومتِ وقت سے درخواست کرتے ہیں کہ ان اسکولز میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں،تاہم غیر حاضر اساتذہ کے معاملے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم نے اگر جلد از جلد نوٹس لیکر کاروائی عمل میں نہ لائی تو ہم روڈوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائینگے۔

Exit mobile version