Homeخبریںامریکا : یہود کےکنیسہ پر مسلح شخص کی فائرنگ ، 8 افراد...

امریکا : یہود کےکنیسہ پر مسلح شخص کی فائرنگ ، 8 افراد ہلاک

پٹسبرگ ( ہمگام ویب نیوز) امریکا کی ریاست پنسلوینیا میں واقع شہر پٹسبرگ میں ایک مسلح شخص نے یہود کے عبادت خانے (کنیسہ) پر فائرنگ کردی ہے جس سے آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

فائرنگ کا یہ واقعہ ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق دس بجے کے قریب پٹسبرگ کے علاقے اسکوائرل ہِل میں واقع زندگی کا درخت ( ٹری آف لائف) نامی کنیسہ میں پیش آیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے سفید رنگ کے ایک مشتبہ شخص نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔وہ زخمی ہے اور پولیس اس سے بات چیت کررہی ہے۔

کنیسہ پر فائرنگ کی اطلاع کے بعد جونہی پولیس اہلکار وہاں پہنچے تواس مشتبہ حملہ آور نے ان پر بھی فائرنگ کردی تھی جس سے تین پولیس افسر زخمی ہوگئے۔ کنیسہ میں ہفتے کو عبادت کے لیے یہود کی ایک بڑی تعداد موجود ہوتی ہے ۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر وہاں پھنسے لوگوں کو نکال لیا ہے۔

اس کنیسہ کے نزدیک ہی کارنیگی میلن یونیورسٹی واقع ہے۔اس کو فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد بند کردیا گیا ہے اور طلبہ کو جماعتوں کے اندر ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے بھی ایک ٹویٹ میں فائرنگ کے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وہ پٹبسبرگ میں رونما ہونے والے واقعے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جائے وقوعہ پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موجود ہیں اور کارروائی کررہے ہیں۔

Exit mobile version