Homeخبریںبرمش یکجہتی کمیٹی ایک تحریک کی شکل میں ابھرنے لگی، آج بھی...

برمش یکجہتی کمیٹی ایک تحریک کی شکل میں ابھرنے لگی، آج بھی بلوچستان میں کوہلو، وندر،بیسیمہ اور تونسہ میں عوامی احتجاج منعقد

 

کوہلو/وندر/بیسیمہ/تونسا (ہمگام نیوز) برمش یکجہتی کمیٹی اب ایک سیاسی تحریک کی شکل اختیار کرلینے لگی ہے جس کے تحت ایک نا ختم ہونے والے احتجاج کا سلسلہ پورے بلوچستان میں پھیل گیا ہے۔ آج بھی بلوچستان کے کئی شہروں میں عوامی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ آج کوہلو ، وندر، بیسیمہ اور تونسہ میں عوامی ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاج کیا گیا۔

بیسیمہ سے آنے والی تفصیلات کے مطابق ریلی گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بیسیمہ سے شروع ہوئی، جو مختلف گلیوں سے ہوتی ہوئی بیسیمہ بازار کے مین چوک پہ آکر رک گئی جہاں ریلی ایک احتجاجی جلسے میں بدل گئی جس سے مقررین نے مظاہرین سے خطاب کیا۔

مقررین نے مظاہرین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیسیمہ بلوچستان کے ہر اس سماجی معاملے میں ساتھ ہے جو اجتماعی حوالے سے بلوچ قوم پہ نقصاندہ ہے۔ ایسے واقعات کا رونما ہونا کسی المیے سے کم نہیں۔ یہ ایک انتہائی غیر انسانی اور شرمناک عمل ہے جو چوروں اور ڈاکوؤں نے اپنایا ہوا ہے۔ بلوچ قبائلی روایات اور اسلامی نقطہ نظر سے ایک ناقابل معافی جرم ہے۔ آج یہ مسئلہ صرف ڈنُّک تک محدود نہیں ہے ایسے ناپاک اعمال سے بلوچستان کا ہر علاقہ متاثر ہے۔ اس سے پہلے بھی کئی بار بلوچستان کے کئی علاقوں میں ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ ایک مہینہ قبل بھی بلوچ چاردیواری کو پامال کرتے ہوئے ظالم کے پالے ہوئے چور ڈاکووں نے حملہ کیا تھا جس میں 3 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔ واقعہ ڈنُّک ایک آواز بن چکی ہے۔ یہ سانحہ ہر اس متاثرہ فیملی کی آواز ہے جو مختلف ادوار میں ریاست کی پشت پناہی میں کام کرنے والے جابروں سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنی دیر تک اس ظلم کے خلاف نہیں نکلیں گے اتنی ہی زیادہ ایسے جرائم جڑ پکڑتے جائیں گے۔ سانحہ ڈنُّک سمیت دیگر جتنے بھی جرائم مختلف بااثر لوگوں کی پشت پناہی میں ہورہے ہیں اب انہیں رکنا چاہئیے، اب بلوچ قوم کو ہر حالت میں اٹھنا چاہیے کیونکہ آج برمش ہے تو کل کوئی بھی بلوچ کسی بھی علاقے سے متاثر ہوسکتا ہے۔

اس واقعہ کے خلاف ہر اس بلوچ فرزند کو آواز اٹھانی چاہیے جو انسانی المیات کا درد رکھتے ہیں، جن کے ضمیر احساس سے بھرے ہوئے ہیں۔ جو بلوچ قوم کے اجتمائی مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں۔

Exit mobile version