Homeخبریںحق دو تحریک کی جانب سے لاپتہ بلوچ خواتین کی بازیابی کے...

حق دو تحریک کی جانب سے لاپتہ بلوچ خواتین کی بازیابی کے لئے کل مکران بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان

کوئٹہ (ہمگام نیوز) حق دو تحریک کی طرف سے لاپتہ بلوچ خواتین کی جبری گمشدگی کے خلاف مکران بھر میں ہڑتال کی دے دی گئی ہے. تربت سول سائٹی، جماعت اسلامی اور نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کا ہڑتال کی حمایت کا اعلان

اطلاعات کے مطابق ہوشاپ سے نورجان بلوچ کی جبری گمشدگی کے بعد سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتاری اور کراچی سے بلوچ شاعرہ حبیبہ پیرجان کی جبری گمشدگی کے خلاف حق دو تحریک بلوچستان نے کل بروز ہفتہ سے ضلع کیچ سمیت پورے مکران میں غیر معینہ مدت کے لیے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دیتے ہوئے تاجر برادری، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان حق دو تحریک نے تاجر برادری سے کل سے دکانیں اور مارکیٹس بند کرکے تعاون کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے کیونکہ ریاستی اداروں کا رویہ روز بروز شدت اختیار کرتا جارہا ہے،

انہوں نے کہا ہے کہ بلوچ نوجوانوں کی جبری گمشدگی سے لے کر مسخ شدہ لاشیں ملنے تک ہماری خاموشی شامل ہے اس سے شہہ پاکر اب بلوچ ننگ و ناموس اور غیرت و حمیت پر براہ راست ادارے حملہ آور ہوگئے ہیں اگر اس بدترین جبر پر بھی بلوچ عوام خاموش رہے تو ہماری قومی شناخت مٹ جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ دکان دار اور تاجر برادری بلوچ عورتوں کی رہائی اور بازیابی تک شٹرڈاؤن ہڑتال پر عملدرآمد یقینی بنائیں کیوں کہ حق دو تحریک ہر حال میں ہی ریاستی جبر کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کامیاب بنانے کے لیے پوری کوشش کرے گی۔

Exit mobile version