Homeخبریںزاہدان سینٹرل جیل میں مزید تین بلوچ قیدیوں کو پھانسی دے...

زاہدان سینٹرل جیل میں مزید تین بلوچ قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی

زاہدان ( ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق بروز منگل یکم اگست کو فجر کے وقت ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے مرکزی شہر زاہدان سینٹرل جیل میں مزید تین بلوچ قیدیوں کو منشیات کے الزام میں پھانسی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے مرکزی شہر زاہدان کے سینٹرل جیل میں گزشتہ روز منگل کو مزید تین بلوچ قیدیوں کو پھانسی دی گئی۔

 ان میں سے دو بلوچ قیدیوں کی شناخت کی تصدیق حالوش نیوز نے کی ہے جن میں 72 سالہ حسین گمشادزہی ولد درا ساکن زاھدان اور 30 سالہ یوسف کلبالی ولد نور احمد ساکن دہ دراز گاؤں زہک شامل ہیں ۔ جبکہ رپورٹ موصول ہونے کے وقت تیسرے قیدی کی شناخت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

 کہا جاتا ہے کہ حسین کو 2018 کے وسط میں زابل سے گرفتار کیا گیا تھا اور اسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد سزائے موت سنائی گئی تھی۔

 حسین کو 28 روز قبل زابل جیل سے زاہدان جیل منتقل کیا گیا تھا اور وہاں وارڈ 7 میں قید تھا۔ اس بلوچ قیدی کی پھانسی اس کے اہل خانہ سے آخری ملاقات کے بغیر عمل میں آئی۔

 اسے کیسے گرفتار کیا گیا اس کے بارے میں، ایک ذریعے نے بتایا کہ حسین کا کام کاشتکاری تھا اور قابض ایرانی فورسز نے اس کے گھر کے قریب سے کچھ منشیات دریافت کیا، جو کہ ایک آدھی تعمیر شدہ عمارت تھی، اور اس پر ان کو رکھنے کا الزام لگایا۔

 حسین نے عدالت میں کئی بار الزامات کی تردید کی لیکن کیس کے جج نے ان کے بیانات پر توجہ نہیں دی۔

 نیز یوسف کو 2020 میں زاہدان میں گرفتار کیا گیا اور اسے عدالت نے سزائے موت سنائی گئی۔

واضح رہے کہ 29 اپریل 2023 سے لیکر اب تک بلوچستان سمیت ایران کی 14 جیلوں میں 2 خواتین سمیت 73 بلوچ قیدیوں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

Exit mobile version