Homeانٹرنشنلسودان: ام درمان کے ہسپتال پر بمباری میں سابق صدر عمر البشیر...

سودان: ام درمان کے ہسپتال پر بمباری میں سابق صدر عمر البشیر کو نشانہ بنایا گیا

خرطوم (ہمگام نیوز) سابق سوڈانی صدر عمر البشیر کے وکیل نے انکشاف کیا ہے کہ ام درمان کے علیاء اسپتال میں ہونے والے بم دھماکے میں اس منزل کو نشانہ بنایا گیا جہاں البشیر اور ان کے سابق دور حکومت کے دو اعلیٰ اہلکار مقیم تھے۔

“سوڈان ٹریبیون” اخبار کی رپورٹ کے مطابق، وکیل ہاشم ابوبکر الجالی نے اتوار کو مزید کہا کہ البشیر اور دیگر اہلکاروں، بکری حسن صالح اور عبدالرحیم محمد حسین کو بم دھماکے سے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

اس سے پہلے، سوڈان میں ڈاکٹرز یونین نے اعلان کیا تھا کہ علیاء ہسپتال پر بمباری کی گئی، جس سے نقصان ہوا ہے۔

سوڈانی فوج نے کہا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز نے ہفتے کے روز ام درمان کے ہسپتال کے ایمرجنسی اور کیزولٹی کمپلیکس پر بمباری کی، جس سے پانچ مریض ہلاک اور 22 زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

فوج نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ڈرون سے ہسپتال کو نشانہ بنانا اس (ریپڈ سپورٹ فورس) کے “بین الاقوامی انسانی قانون اور جنگ کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی کے نقطہ نظر” کا تسلسل ہے۔

لڑائی کی ابتدا

سوڈان میں 15 اپریل کو فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی شروع ہوئی۔ دونوں فریقین نے سعودی عرب کی ثالثی میں جنگ بندی کے کئی سمجھوتے طے کیے لیکن جدہ میں ہونے والے مذاکرات گزشتہ ماہ اس وقت معطل ہو گئے تھے جب تنازع کے دونوں فریقوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات کا تبادلہ کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ سابق صدر البشیر، جو اپنی حکمرانی اور 1989 میں “فوجی بغاوت” سے متعلق الزامات کے تحت مقدمے کی سماعت میں ہیں، کئی ماہ قبل انہیں طبی رپورٹوں کی بنیاد پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جن میں صحت کی دیکھ بھال کی ضرورت کی نشاندہی کی گئی تھی۔

Exit mobile version