سوراب ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان سوراب کے دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں خل بھٹ، چرک اور پھشک میں آج صبح تقریباً ساڑھے سات بجے ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکوں نے خوف و ہراس کی فضا پیدا کردی، جبکہ حالیہ زلزلے کے نتیجے میں گزشتہ ماہ آنے والے زلزلے سے پہلے ہی متاثرہ متعدد کچے مکانات مزید جھٹکوں کی تاب نہ لاتے ہوئے منہدم ہوگئے، جس سے ان علاقوں میں پہلے سے مشکلات اور بے یقینی کا شکار آبادی کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
مقامی رپورٹر کے مطابق مذکورہ پہاڑی علاقوں کے مکین گزشتہ ماہ آنے والے زلزلے کے بعد سے شدید مشکلات سے دوچار تھے۔
زلزلے کے ابتدائی جھٹکوں نے ان کے گھروں کو ناقابلِ رہائش بنا دیا تھا اور متعدد خاندان اپنے ہی گھروں سے محروم ہوکر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ ابھی متاثرین گزشتہ سانحے کے اثرات سے سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ آج صبح آنے والے شدید جھٹکوں نے ان کی رہی سہی امیدوں اور پناہ گاہوں کو بھی چھین لیا۔ پہلے سے شکستہ اور کمزور مکانات کے منہدم ہونے سے متاثرہ خاندانوں کا بحران مزید سنگین ہوگیا ہے۔
ان دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں زندگی پہلے ہی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث انتہائی کٹھن ہے، ایسے میں قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد، محفوظ رہائش، خوراک، ضروریاتِ زندگی اور طبی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔
بالخصوص سرد موسم کی شدت میں کھلے آسمان تلے رہنے والے بچوں، خواتین اور بزرگوں کی مشکلات کسی بڑے انسانی المیے کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات کو روکنا انسان کے اختیار میں نہیں، لیکن آفت زدہ انسانوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دینا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ خل بھٹ، چرک اور پھشک کے متاثرین محض امدادی اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ حکام دفتری کارروائیوں اور رسمی یقین دہانیوں سے آگے بڑھ کر ان دور افتادہ پہاڑی آبادیوں تک پہنچیں، ان کی مشکلات کا خود مشاہدہ کریں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری امدادی و بحالی سرگرمیوں کا آغاز کریں، بصورتِ دیگر پہلے سے مصیبت زدہ خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔


