Homeانٹرنشنلسوڈان: البرہان نے حمدان دقلو کو خود مختار کونسل کے نائب صدر...

سوڈان: البرہان نے حمدان دقلو کو خود مختار کونسل کے نائب صدر کے عہدہ سے ہٹا دیا

خرطوم ( ہمگام نیوز) سوڈان میں سریع الحرکت فورسز کے کمانڈر محمد حمدان دقلو “حمیدتی” کو خود مختار کونسل کے نائب سربراہ کے عہدے سے فارغ کرنے کے لیے ایک آئینی حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ سوڈانی فوج کے کمانڈر عبدالفتاح البرہان نے “مالک عقار” کو سوڈانی خود مختار کونسل کا نائب چیئرمین مقرر کرنے کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔

البرہان نے لیفٹیننٹ جنرل شمس الدین کباشی کو سوڈانی مسلح افواج کا ڈپٹی کمانڈر انچیف بھی مقرر کیا اور لیفٹیننٹ جنرل یاسر العطا کو سوڈانی مسلح افواج کا اسسٹنٹ کمانڈر انچیف مقرر کیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق جنوبی دارفور کے مغربی شہر نیالا میں ریپڈ سپورٹ فورسز اور سوڈانی فوج کے درمیان دوبارہ جھڑپوں کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور بچوں اور خواتین سمیت درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

لڑائی جاری رہنے کی وجہ سے بمباری کی زد میں آنے والے محلوں کے مکینوں کی بڑی تعداد بے گھر ہوگئی۔ فائرنگ کا تبادلہ لڑائی روکنے کا معاہدہ طے پانے کے بعد بھی ہوا۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ایلچی مارٹن گریفتھس نے سوڈان میں متحارب فریقوں کی جانب سے گزشتہ ہفتے شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو تحفظ فراہم کرنے اور انتہائی ضروری امداد کو داخل ہونے کی اجازت دینے کے معاہدے کی متعدد سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

گریفتھس نے “ایجنسی فرانس پریس” کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ امداد کی آمد کے ساتھ بھی اعلان کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔

Exit mobile version