شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6,381ویں روز بھی جاری رہا۔ آج جبری طور پر لاپتہ قادر بخش کے اہلِ خانہ نے کیمپ میں شرکت کی اور ان کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اہلِ خانہ کے مطابق، قادر بخش کو 6 ستمبر کو آر سی ڈی روڈ، بی سی کیمپ خضدار کے قریب سے فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ سے بارہا رابطہ کرنے کے باوجود قادر بخش کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی، جس کے باعث خاندان شدید پریشانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔ انہوں نے قادر بخش کی باحفاظت بازیابی کی اپیل کی ہے۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قادر بخش سمیت تمام جبری طور پر لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔


