Homeخبریںشامی فوج کی شہری آبادی پر بمباری27 ہلاک

شامی فوج کی شہری آبادی پر بمباری27 ہلاک

/دمشق(ہمگام نیوز)شامی فوج کی دارالحکومت دمشق کے مضافات میں بیگناہ شہریوں پر بمباری سے 27 شہری جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، بمباری سے متعدد گھر تباہ، خانہ جنگی میں ہلاکتیں 2 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔شامی مبصر گروپ نے بتایا کہ فوج نے دوما میں رہائشی علاقے پر تباہ کن بمباری کی،مقامی افراد کے مطابق فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی ان پر بم برسائے جس کے نتیجے میں متعدد گھر تباہ ہو گئے ، درجنوں افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں شہری اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم بھاری مشینری نہ ہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شامی طیاروں کی رہائشی علاقوں پر بمباری میں ہزاروں بیگناہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔گھروں پر بمباری کے باعث عالمی سطح پر شامی صدر بشارالاسد کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ دریں اثنا مبصر گروپ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خانہ جنگی میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے داعش جنگجوؤں اور باغیوں کی تعداد 27 ہزار سے زائد ہے ۔ مبصر گروپ کے ڈائریکٹر رمی عبدالرحمن کے مطابق یہ اعدادوشمار حتمی نہیں ہیں اور اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ حکومت نے جیلوں میں موجود 20 ہزار سے زائد افراد کو لاپتہ کر دیا ہے ۔قبل ازیں العربیہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی سی آئی اے کے چیف جان برینن نے اپنے ایک بیان اعتراف کیا کہ شام پر انتہاپسندوں کے قبضے کے ڈر سے امریکہ دمشق کو بچانے کی کوششیں کر رہا ہے ،امریکہ کو خدشہ ہے کہ سقوط دمشق کی صورت میں انتہاپسند شام پر قبضہ کر سکتے ہیں۔جان برینن کا کہنا تھا کہ امریکہ شام کی اعتدال پسند اپوزیشن کی حمایت کرتا ہے اور عالمی برادری کیساتھ مل کر شام میں ایک ایسی حکومت لانا چاہتا ہے جو عوام کی نمائندہ ہو اور ان کے مطالبات پورا کرنے کی اہل ہو۔

Exit mobile version