Homeخبریںشہید عبدالروف کے قاتلوں کی گرفتاری و متعلقہ جرگہ سے باز...

شہید عبدالروف کے قاتلوں کی گرفتاری و متعلقہ جرگہ سے باز پرس بارے خاموشی پر تشویش ہے ،تربت سول سوسائٹی

تربت ( ہمگام نیوز ) تربت سیول سوسائٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں شھید عبدالرؤف کے کیس میں ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود پولیس کی طرف سے کسی پیش رفت یا ملزمان کی گرفتاری و متعلقہ جرگہ سے باز پرس بارے خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا گیاہے ۔

 ترجمان نے کہا ہے کہ 6 اگست کو طالب علم عبدالرؤف پر توہین رسالت کا الزام لگانے کے بعد چند مذہبی رہنماؤں کی طرف سے انہیں ایک خودساختہ جرگہ میں بلایا گیا تھا تاکہ وہ اپنی ایمان کی صفائی ان کے سامنے پیش کرے مگر وہاں پہنچنے سے پہلے راستے میں انہیں شھید کردیا گیا اس دلخراش واقعہ کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے تاحال انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے پیش رفت نظر نہیں آرہی اور نا اب تک پولیس اس قتل کے مرکزی کرداروں کو قانون کی گرفت میں لانے میں کامیاب ہوئی ہے اس سے سماج میں سخت تشویش موجود ہے۔

 انہوں نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے علاوہ پولیس نے اس جرگہ کے متحرک اراکین کو بھی اب تک شامل تفتیش نہیں کیا ہے جنہوں نے توہین کا الزام لگاکر عبدالرؤف کے قتل کی راہ ہموار کی۔

انہوں نے بیان میں کہاہےکہ بدقسمتی سے پولیس کے خاموش رویے کے باعث اب تک توہین رسالت کے نام پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے، اس جمعہ کو مختلف مساجد میں خطبہ دیتے ہوئے چند مخصوص علما کی طرف سے عبدالروف کی شھادت کو جواز دینے کی کوشیش کی گئی اس کے آڈیو ثبوت موجود ہیں جو باعث تشویش اور انارکی پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہاہے کہ تربت سول سوسائٹی کے پاس اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ مقامی علما کی ایک وٹس ایپ گروپ میں چند مخصوص مذہبی رہنما عبدالرؤف کی شھادت کے بعد سوشل میڈیا پر آواز اٹھانے والے سماجی کارکنوں کے خلاف مسلسل اشتعال انگیز رائے دے رہے ہیں پولیس اور انتظامیہ اس کی بھی تحقیق و تفتیش کرے اگر یہ سچ ہے تو ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

تربت سول سوسائٹی علاقہ میں امن و ایمنی، مذہبی رواداری، شہریوں کی تحفظ، بلوچ سماج کی یکجہتی و انصاف کی بالادستی کی خواہاں ہے۔ اشتعال انگیزی و شر انگیزی پھیلانے والے بلوچ سماج اور دین و مذہب کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔

ترجمان نے کہا ہےکہ علما کرام کو بلوچ سماج انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ان کی ذمہداری بنتی ہے کہ بلوچ سماج کو منتشر ہونے اور منافرت پھیلانے سے روکنے میں کردار ادا کریں۔

Exit mobile version