شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے مرکزی شہر شال سمیت مختلف علاقوں سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں چھ افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں دو طالب علموں سمیت دکان دار اور ڈرائیور بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پسنی کے علاقے ببرشور میں 23 نومبر 2026 کی صبح تقریباً چار بجے پاکستانی فوج نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر شیرزمان ولد میران کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ شیرزمان شال میں زیرِ تعلیم یے۔
دوسی جانب لسبیلہ کے علاقے حب چوکی میں پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے دارو ہوٹل کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مار کر علی جان ولد بابل کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا۔ علی جان کا تعلق ضلع آواران کے علاقے جھاؤ کے گاؤں کوہڑو سے ہے اور وہ کوئٹہ میں زیرِ تعلیم طالب علم ہیں۔ ان کے اہلخانہ کافی عرصہ قبل جھاؤ سے نقل مکانی کرکے حب چوکی میں آباد ہوئے تھے،اور نوجوان موسم سرماکی تعطیلات بعد حب چوکی گھر آیا ہواتھا۔
اس طرح مستونگ کے علاقے گرگینہ، کلی پسند خان سے 22 نومبر 2026 کی صبح چھ بجے ایف سی نے 18 سالہ کامران ولد غلام سرور نامی دکاندار کو مسجد سے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔
اسی علاقے سے 16 نومبر 2026 کو پاکستانی فوج نے 30 سالہ خلیل بلوچ ولد حاجی محمد خان نامی ڈرائیور کو صبح تقریباً دس بجے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
دوسری جانب نوشکی کے علاقے کلی شریف خان سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ اسرار احمد ولد حاجی عطا محمد نامی دکاندار کو 2 اکتوبر 2026 کی شام پانچ بجے کوئٹہ کے علاقے کلی بادینی، سریاب روڈ سے خفیہ ادارے ایم آئی کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کر دیا۔
دریں اثناء نوشکی ہی کے علاقے قاضی آباد کے رہائشی 32 سالہ خالد ولد حاجی حضور بخش نامی دکاندار کو 21 نومبر 2026 کی شام پانچ بجے نوشکی میں کیڈٹ کالج کے سامنے سے ایف سی اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔ جس کے بعد ان کے بارے بھی لواحقین کو معلومات نہیں دیئے گئے ہیں ۔


