واشک (ہمگام نیوز) واشک میں شمشی کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب شمشی میں کھجور کی پیکنگ کے لیے جانے والی ایک زمیاد گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر شمشی بی ایچ یو منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے۔ بی ایچ یو میں طبی امداد کے دوران ایک اور زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
اس طرح اس حادثے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 4 ہو گئی ہے۔طبی عملے کے مطابق باقی 2 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق واشک سے ہے اور وہ روزی کے سلسلے میں کھجور کی پیکنگ کے لیے جا رہے تھے۔حادثے کی اطلاع پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔
اہلِ علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شمشی روڈ پر ٹریفک کی روانی اور گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔


