Homeخبریںپنجگور : ایک نوجوان قابض پاکستانی فوج کے ہاتھوں لاپتہ، کیچ سے...

پنجگور : ایک نوجوان قابض پاکستانی فوج کے ہاتھوں لاپتہ، کیچ سے ایک شخص بازیاب

 

پنجگور/کیچ(ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں ایک شخص قابض پاکستانی فوج کی حراست سے بازیاب ہوگیا جب کہ دوسری جانب پنجگور سے قابض فوج نے ایک بلوچ نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا۔

لاپتہ نوجوان کی شناخت صلاح الدین ولد محمد یوسف سکنہ بونستان کے نام سے ہوئی ہے جسے 20 روز قبل فورسز نے پنجگور کے علاقے گوارگو سے ماورائے عدالت حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ نوجوان کو قابض فوج نے اس وقت اغوا کیا جب وہ دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے جارہے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستانی فوج نے صلاح الدین کو اس سے قبل بھی ایک اور نوجوان سالم امید کے ہمراہ لاپتہ کیا تھا، تاہم بعد میں سالم امید کو دوران حراست جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا اور صلاح الدین کو اس وقت رہا کردیا گیا تھا۔

مزید برآں کیچ کے علاقے مند سے چودہ مہینے قبل لاپتہ ہونے والے پرویز احمد ولد رسول بخش سکنہ گوبرد مند گذشتہ روز بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔

Exit mobile version