Homeخبریںچین کی جانب سے افریقہ کے 40 ممالک کو کورونا ویکسین دینے...

چین کی جانب سے افریقہ کے 40 ممالک کو کورونا ویکسین دینے کا اعلان

بیجنگ(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق چین نے کہا ہے کہ وہ تقریباً 40 افریقی ملکوں کو کووڈ-19 سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کر رہا ہے۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کا یہ اقدام خالصتاً فلاحی مقصد کے لیے ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار ووپنگ نے بیجنگ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ویکسین کی یہ خوراکیں عطیے کے طور پر دی جائیں گی یا ان کی امدادی قیمت رکھی جائے گی۔

چین کی وزات خارجہ کے ڈائریکٹر ووپنگ کا کہنا تھا کہ کچھ ملکوں نے اس وقت تک دوسرے ملکوں کو ویکسین نہیں دی،جب تک انہوں نے اپنے عوام کو ویکسین لگانے کا کام مکمل نہیں کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہمارے لیے بھی یہ یقینی بنانا ضروری تھا کہ ہم اپنے ملک کے عوام کو جتنی جلدی ممکن ہو ویکسین لگا دیں،لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم نے ضرورت مند ملکوں کو ویکسین فراہم کرنے کی اپنی بھرپور کوشش بھی کی ہے۔

بدھ کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افریقی ملکوں کے لیے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی دستیابی میں تیزی لانے کی اپیل کی تھی۔ سلامتی کونسل نے یہ کہتے ہوئے اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا کہ اس براعظم کو باقی دنیا کے مقابلے میں محض دو فی صد ویکسین ملی ہے۔

سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان کی منظوری سے جاری ہونے والے بیان میں افریقی ملکوں کے لیے مناسب نرخوں پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے معیاری ٹیسٹ، علاج اور ویکسین کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

چین میں ویکسین بنانے والی چار لیبارٹریز نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس سال کے آخر تک کم ازکم دو ارب 60 کروڑ خوراکیں تیار کریں گی جس سے دنیا کی آبادی کے ایک بڑے حصے کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔

چین نے مصر کو مقامی طور پر سینو ویک ویکسین بنانے کا لائسنس دے دیا ہے اور اسے ٹیکنیکی سہولت بھی مہیا کر رہا ہے جس سے وہاں جون میں ویکسین بننا شروع ہو جائے گی اور مصر کی ضروریات پوری ہو سکیں گی۔

ووپنگ کا کہنا تھا کہ صرف امداد سے افریقہ کے لیے ویکسین کے مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں لازمی طور پر مقامی لیبارٹریوں کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنی ضرورت کی ویکسین خود تیار کر سکیں۔

Exit mobile version