Homeخبریںکوئٹہ، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے وی بی ایم پی کا پریس...

کوئٹہ، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے وی بی ایم پی کا پریس کلب کے باہر احتجاج

کوئٹہ( ہمگام نیوز )مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام اتور کو بلوچستان کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی مبینہ جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کیخلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ۔

ریلی اور مظاہرے میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ ،بلوچ وومن فورم ، بی این پی، بی ایس او کے رہنماؤں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

 مظاہرے سے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ، بی این بی کے غلام نبی مری ماما قدیر ، ظہیر بلوچ ، زبیر شاہ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے کئی سالوں سے سراپا احتجاج ہیں، جب کے اس کے برعکس لاپتہ افراد تعداد میں تیزی آ گئی ہے۔

 جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں ثابت ہوا ہے کہ بلوچستان میں لوگوں کو لاپتہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد سے متعلق کمیشن 13 سال سے کام کررہا ہے مگر کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا ، کوئی ہماری فریاد سننے والا نہیں ، اگر ہمارے پیاروں پر کوئی الزام ہے تو ان کو عدالتوںمیں پیش کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاقی سطح پر تمام لاپتہ افراد کی فہرست فراہم کی ،مگر پارلیمان بھی اپنے اختیارات استعمال کرنے سے قاصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گمشدگیوں کا مسئلہ سیاسی جماعتوں کیلئے بھی چیلنج ہے، اس مسئلے پر سب کو مشترکہ جدوجہد کرنی چاہئے۔

Exit mobile version