کوئٹہ (ھمگام نیوز) کوئٹہ کے ائیر پورٹ روڈ کی نجی ہاوسنگ اسکیم میں فائرنگ سے حاملہ خاتون وردہ داود جان بحق اور اس کا 7 سالہ بیٹا زخمی ہوگیا۔ پولیس نے خاتون کے شوہر فرحان مگسی کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات سیریس کرائمز یونٹ کو سونپی ہیں۔ مقتولہ کی بہن نے انصاف کی اپیل کی ہے۔
این این آئی کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے ائیر پورٹ روڈ کی نجی ہاوسنگ اسکیم کے گھرمیں فائرنگ سے حاملہ خاتون جان بحق جبکہ اس کا سات سالہ بیٹا زخمی ہوگیا ،پولیس نے خاتون کے قتل کے شبہ میں اس کے شوہر کو حراست میں لے لیا ۔
ایس ایچ او ائیرپورٹ تھانہ مقصود گجر نے بتایا کہ ائیر پورٹ روڈ کی نجی ہاوسنگ اسکیم کے گھرمیں فائرنگ سے حاملہ خاتون وردہ داود جاں بحق جبکہ سات سالہ بیٹا محمد حبیب زخمی ہوگیا زخمی لڑکے اور خاتون کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ایس ایچ او ائیرپورٹ تھانہ نے بتایا کہ پولیس نے خاتون کے قتل کے شبہ میں اس کے شوہر فرحان مگسی کو حراست میں لے لیا ہے اور کیس تفتیش کیلئے سیریس کرائمز یونٹ کو منتقل کردیا گیا ۔
دوسری جانب مقتولہ وردہ داود کی بہن نے بتایا کہ ان کی بہن طلاق یافتہ تھیں اور ان کا ایک 7 سالہ بیٹا تھا۔ بعد میں انہوں نے دوسری شادی فرحان مگسی سے کی تھی۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ہماری بہن کے قاتل کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔


