کیچ (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں تمپ اور بلیدہ سے گزشتہ روز اور آج تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں ایک نوجوان کی شناخت سمیر بلوچ کے نام سے ہوئی ہے، جسے اہل خانہ کے مطابق 24 اکتوبر کی شب قابض پاکستانی فورسز نے گھر سے حراست میں لے کر لاپتا کر دیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق تمپ کے علاقے دازن میں واٹر سپلائی کے قریب سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت سمیر بلوچ ولد ناصر کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ مند کے علاقے گوبرد کا رہائشی تھا۔ اہل خانہ اور مقامی ذرائع کے مطابق سمیر بلوچ کو 24 اکتوبر کی رات گھر سے اٹھایا گیا تھا اور 17 روز تک جبری طور پر لاپتا رکھنے کے بعد گزشتہ شب ان کی لاش پھینک دی گئی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی رات سمیر بلوچ کے ہمراہ وسیم بلوچ ولد ستار، صغیر بلوچ ولد سوال محمد اور زہیر بلوچ ولد سوال محمد کو بھی حراست میں لے کر لاپتا کیا گیا تھا، جو تاحال بازیاب نہیں ہوسکے۔
دوسری جانب تمپ کے علاقے آسیاباد سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت آدم ولد ولید احمد، سکنہ آسیاباد تمپ کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آدم ولید کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا، جس کے بعد آج ان کی لاش برآمد ہوئی۔
ادھر بلیدہ کے علاقے سوراپ سے بھی گولیوں کے نشانات والی ایک لاش ملی ہے، جس کی شناخت عاصم ولد لیاقت، سکنہ بٹ کورے پشت کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش کو قانونی کارروائی کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
دریں اثنا تربت کے نواحی علاقے دیات میں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک مقامی شخص ہلاک ہوگیا۔ واقعے کی مزید تفصیلات اور مقتول کی شناخت تاحال سامنے
نہیں آسکی۔


