احمد آباد (ہمگام نیوز) انڈیا کے شہر احمد آباد میں پیش آنے والے ایئر انڈیا مسافر طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 279 ہوگئی ہے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے ک جگہ سے 279 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ طیارے میں عملے اور مسافروں سمیت کُل 242 افراد سوار تھے جن میں سے صرف ایک مسافر ہی بچ سکا تھا۔

انیل پٹیل نے کہا کہ ان کا بیٹا اور اس کی بیوی پرواز میں سوار ہونے سے پہلے ان کو اچانک ملنے آئے تھے۔

انہوں نے آنسو بہاتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنے بیٹے کو دو سال کے بعد دیکھا تھا، بہت اچھا لگا۔ اور اب کچھ نہیں بچا۔ شاید خدا کو یہی منظور تھا۔‘

ہلاک ہونے والے افراد کے رشتے دار احمد آباد میں اپنے ڈی این اے سیمپل جمع کروا رہے ہیں اور کچھ لوگ اس کے لیے بیرون ملک سے آ رہے ہیں۔ سرکاری سطح پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس وقت سامنے نہیں آ سکتی جب تک ڈی این اے کا سست عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔

ایوی ایشن کے وزیر رام موہن نے جمعے کو کہا تھا کہ جہاز کا بلیک باکس مل گیا ہے اور اس کے ذریعے تحقیقات میں مدد ملے گی۔ جبکہ فارینزک ٹیمیں دوسرے بلیک باکس کی تلاش میں ہیں تاکہ پتا لگایا جا سکے کہ جہاز ایک سو میٹر اوپر جانے کے بعد کیسے گر گیا۔

واضح رہے کہ یہ حادثہ جمعرات کو پیش آیا تھا اور ایئر انڈیا نے کہا تھا کہ طیارے میں 169 انڈین، 53 برطانوی، سات پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری سوار تھا، جبکہ 12 عملے کے افراد تھے۔