مسقط (ہمگام نیوز) آبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل کی زد میں آنے کے بعد ایک کارگو جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور جہاز بے قابو ہو کر سمندر میں بہنے لگا جس کے نتیجے میں 2 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی بحری تجارت سے متعلق ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز کو پیش آنے والے واقعے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
اس اطلاع میں بتایا گیا کہ ایک نامعلوم سمت سے آنے والا پروجیکٹائل کارگو جہاز سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی اور وہ سمندر میں بے سمت بہنے لگا۔ عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم 2 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔
برطانوی ادارے کے مطابق واقعے کی وجوہات اور حملے کی نوعیت جاننے کے لیے متعلقہ حکام تحقیقات کر رہے ہیں۔ جہاز سے ایندھن کے اخراج کی یا سمندری ماحول کو نقصان کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
یوکے میری ٹائم نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ بحری جہاز کس کی ملکیت تھا اور اس کی منزل کیا تھی اور نہ ہی حملے کی نوعیت کا معلوم ہوسکا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرہ عرب سے ملانے والا اہم بحری راستہ ہے جسے اسرائیل اور امریکی حملوں کے ردعمل میں ایران نے مارچ سے بند کر رکھا ہے۔


