ہیلسنکی(ہمگام نیوز ) فری بلوچستان موومنٹ (ایف بی ایم) کے فن لینڈ چیپٹر نے بلوچ شہدا کے عالمی دن کے موقع پر 12 نومبر کو فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں ایک یادگاری سیمینار منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں پاکستانی و ایرانی مقبوضہ بلوچستان میں بلوچ قومی حقوق اور آزادی کی جدوجہد کے دوران جانیں قربان کرنے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
تنظیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیمینار کی قیادت فری بلوچستان موومنٹ کے شعبہ تنظیمی امور (خارجہ) کے قائم مقام سربراہ ایم بی مری بلوچ کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہر سال 13 نومبر کو منایا جانے والا بلوچ شہدا کا دن ان تمام بلوچ سیاسی کارکنوں، سماجی و سیاسی رہنماؤں اور عام شہریوں کی قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے اپنی سرزمین اور قومی حقوق کی جدوجہد میں جانیں قربان کیں۔
ہیلسنکی میں منعقد ہونے والے اس سیمینار میں بلوچستان کی موجودہ انسانی حقوق کی صورتحال، شہدا کی جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے علاوہ انصاف، آزادی اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔
سیمینار کی تفصیلات:
تاریخ: 12 نومبر 2026ء
وقت: شام 4:30 بجے سے رات 9 بجے تک
مقام: Roihuvuoren nuorisotalo
پتہ: Prinssintie 1, 00820 Helsinki, Finland
پروگرام کی قیادت: ایم بی مری بلوچ، قائم مقام سربراہ شعبہ تنظیمی امور (خارجہ)، فری بلوچستان موومنٹ۔
فری بلوچستان موومنٹ کے منتظمین نے دنیا بھر میں موجود اپنے حامیوں، اتحادیوں اور آزادی کے لیے آواز اٹھانے والے افراد کو سیمینار میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچ شہدا کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے اس پروگرام میں شریک ہوں۔















