خضدار (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے استخلی نال کے رہائشی اشرف ولد جمعہ گزشتہ 9 روز سے جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔ اہلِ خانہ کے مطابق انہیں قابض پاکستانی فوج نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا، تاہم نو روز گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ اہلِ خانہ نے اشرف کی سلامتی کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔
اشرف ولد جمعہ کی گمشدگی کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اس سے قبل ان کے رشتہ دار الٰہی بخش کو بھی 30 اکتوبر کو قابض پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق، الٰہی بخش کو حراست میں لینے کے بعد 2 نومبر کو قتل کیا گیا اور بعد ازاں ان کی لاش پھینک دی گئی۔ اس واقعے کے بعد اشرف کی گمشدگی نے اہلِ خانہ کی تشویش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، دورانِ حراست ہلاکتوں اور لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعات ایک عرصے سے انسانی حقوق کے حوالے سے سنگین تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے شہریوں کو قابض پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لیے جانے اور طویل عرصے تک ان کے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں معلومات فراہم نہ کیے جانے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیمیں ایسے واقعات کی شفاف تحقیقات، لاپتہ افراد کی بازیابی اور زیرِ حراست شہریوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔
اشرف ولد جمعہ کے اہلِ خانہ بھی حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کی موجودگی اور خیریت کے بارے میں فوری طور پر آگاہ کیا جائے اور اگر وہ کسی ادارے کی تحویل میں ہیں تو انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔


