شال / کراچی ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کیچ سے دو افراد پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ ہاتھوں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل ،بلوچستان اور کراچی سے چھ جبری لاپتہ افراد بازیاب ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے رواں ماہ پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے دو مزدوروں کو حراست میں لے کر اپنے ہمراہ منتقل کردیا، جس کے بعد سے وہ منظرعام پر نہیں آسکے ہیں۔
جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والوں میں 12 نومبر کو پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے نور احمد جمالی ولد ایوب، سکنہ کوڈان، جبکہ 10 نومبر کو جبری طور پر لاپتہ کیے جانے والے طارق ولد آدم بلوچ شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دونوں نوجوان سرحدی کاروبار سے وابستہ ہیں، نور احمد جمالی کو کوڈان عبداللہ سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا، جبکہ طارق بلوچ جیرک بارڈر سے جبری گمشدگی کا نشانہ بنے ہیں۔
دوسری جانب شال کے علاقے کلی قمبرانی، قمبرانی روڈ کے رہائشی پیر محمد کے بیٹے یحییٰ بلوچ کو 27 اکتوبر 2026 کو جبری لاپتہ کیا گیا تھا،
پنجگور کے علاقے ریش پیش، پروم کے رہائشی حیاتان کے بیٹے عزیز کو 2 فروری 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا،
علاوہ ازیں پنجگور کے علاقے کلیری، پروم کے رہائشی سیداد بلوچ کے بیٹے زبیر بلوچ کو 5 اکتوبر 2026 کو جبری لاپتہ کیا گیا تھا، جو 15 نومبر کو بازیاب ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے ماری پور، ٹکری گاؤں سے تعلق رکھنے والے مزید تین افراد کی بازیابی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔
بتایاجارہاہےمحمد شفیع کے بیٹے محمد خالد اور نیاز احمد کے بیٹے شہباز احمد کو 16 اگست 2026 کو ماری پور کراچی سے جبری لاپتہ کیا گیا تھا، دونوں 17 نومبر 2026 کو اسی علاقے سے بازیاب ہوئے۔
اسی طرح نور داد کے بیٹے عبدالعزیز کو 7 اگست 2026 کو ماری پور کراچی سے بھی فورسز نےلاپتہ کیا گیا تھا، جو 17 نومبر کو بازیاب ہوئے ہیں۔


