خاران/پنجگور (ہمگام نیوز) خاران میں بھائی نے گولیاں چلاکر اپنی بہن کی جان لے لی اور پروم میں گھر جلنے سے 18 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے کِلی زارروزئی میں عبدالسلام ولد محمدہاشم زاروزئی نامی شخص نے اپنی بہن کو پستول سے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

مقتولہ کی لاش کو سول ہسپتال خاران منتقل کردی گئی جہاں ضروری کاروائی کے بعد میت ورثاءکے حوالے کردی۔

جبکہ خاران پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ تاہم اب تک قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

دریں اثناء پنجگور پروم میں آتشزدگی کا واقعہ 18 سالہ لڑکی جھلس کر ہلاک ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجگور کے سرحدی تحصیل پروم کے علاقے دز میں آگ لگنے کے سبب غوث بخش ولد پیر محمد نامی شخص کا گھر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔

جس کے نتیجے میں غوث بخش کی 18 سال کی بیٹی مسماۃ (ر) جھلس کر ہلاک ہوگئی اور گھر کی تمام چیزین بھی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں تاہم آگ لگنے کی فوری وجہ معلوم نہ ہوسکی۔