Homeخبریںایف بی ایم 27 مئی کو بلوچستان میں پاکستانی ایٹمی تجربات کے...

ایف بی ایم 27 مئی کو بلوچستان میں پاکستانی ایٹمی تجربات کے خلاف جرمنی کے شہر ہنوفر میں احتجاجی مظاہرہ کرے گی

برلن ( ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ نے میڈیا میں اپنے جاری بیان میں کہا کہ 28 مئی 1998 کے دن پاکستان نے اپنی ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کا اعلان ایٹمی تجربات کے ذریعے کیا جس کے لئے بلوچ وطن کو چُنا گیا جس سنگین نتائج آج تک بلوچ عوام بھگت رہی ہے جس کو بلوچ عوام یوم آس روخ کے طور پر مناتی ہے۔

دنیا میں جن جن ممالک نے یہ صلاحیت حاصل کی ہے انہوں نے تجربات کرنے سے پہلے تمام حفاظتی اقدامات کئے تاکہ ماحول، انسان اور دیگر قدرتی جانداروں کو نقصان نہ پہنچے مگر پاکستان نے اس طرح کے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے دھماکے ہونے کے فوراً بعد جو علاقے میں خطرناک صورتحال سامنے آئی وہ ریاست پاکستان کی طرف سے انسانیت کے خلاف کسی جُرم سے کم نہیں، آج تک بلوچستان کے لوگ کینسر سمیت مختلف دیگر بیماریوں کے شکار ہورہے ہیں۔

فری بلوچستان موومنٹ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بلوچستان چونکہ ایک مقبوضہ سرزمین ہے، اس بنیاد پر پاکستان کے پاس نہ کوئی قانونی اختیار تھا اور نہ اخلاقی جواز کہ وہ اپنی طاقت کے مظاہرے کے لئے بلوچ سرزمین کا انتخاب کرتا مگر جس طرح بلوچستان پر پاکستان کا قبضہ غیر قانونی و غیر اخلاقی ہے اُسی طرح بلوچستان کی مقبوضہ سرزمین پر پاکستانی تجربے بھی غیر قانونی و غیر اخلاقی ہیں لہٰذا ہمیں دنیا کو بتانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان اپنے مفادات کو کس طرح بلوچستان کی سرزمین کے ذریعے مستحکم کرتا آرہا ہے۔ جس طرح پاکستان نے بلوچ وطن کو اپنے تجربات سے زہر آلود بنادیا اس پر دنیا کے سامنے بلوچ عوام کو اپنا مقدمہ رکھنا ہے تاکہ دنیا پاکستان کے مجرمانہ اور گھناؤنے کردار سے واقف ہوسکے۔

فری بلوچستان موومنٹ نے مزید کہا کہ دنیا کو پاکستانی جرائم کے حوالے سے آگاہی دینے کے لئے 27 مئی کے دن برطانیہ، جرمنی اور نیدرلینڈ میں احتجاج کا اعلان ہوچکا ہے۔ جرمنی میں یہ احتجاج جرمنی کے شہر ہنوفر میں منعقد کیا جائے گا جو کہ دوپہر 2 بجے شہر کے مرکز اور سینٹرل اسٹیشن کے سامنے ہوگا۔ تمام بلوچ سیاسی کارکنان اور انسانی حقوق کے نمائندوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اس احتجاج میں شرکت کرکے بلوچستان کی آواز بنیں ۔

Exit mobile version