تہران (ھمگام نیوز) فوری اطلاع مطابق جمعرات کی رات 10  جون 2026 کو امریکہ کی جانب سے ایران کے اندر متعدد اہداف کے خلاف نئے فوجی آپریشن کے آغاز کے اعلان کے ساتھ ہی ہرمزگان کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ہرمزگان کے دارالحکومت بندرعباس میں کئی شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اسی طرح مقامی ذرائع نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں سیریک اور بندر کرگان میں بھی متعدد دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ ادھر جزیرہ کیش میں فضائی دفاعی نظام (ایئر ڈیفنس) کے فعال ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی مسلح افواج نے “کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر” مشرقی امریکی وقت کے مطابق شام 5:15 بجے ایران میں متعدد اہداف کے خلاف نئی کارروائیاں شروع کی ہیں۔

سینٹکام کا دعویٰ ہے کہ یہ حملے ایران کی جانب سے مبینہ “بلا اشتعال اور مسلسل جارحانہ کارروائیوں” کے جواب میں کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر کے مرتب ہونے تک ایرانی حکام نے ممکنہ حملوں کے اہداف، جانی یا مالی نقصانات کے بارے میں کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔ اسی طرح دھماکوں کی نوعیت اور ان کے اسباب کے حوالے سے بھی آزاد ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

دریں اثنا اسرائیلی ذرائع ابلاغ، جن میں چینل 12 اسرائیل بھی شامل ہے، نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور وہ ایران کے خلاف امریکہ کی نئی فوجی کارروائی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔