Homeخبریںانسانی حقوق کے دعویدار لاپتا افراد کے حوالے سے آواز بلند کریں۔...

انسانی حقوق کے دعویدار لاپتا افراد کے حوالے سے آواز بلند کریں۔ والدہ کبیر بلوچ

شال (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق کبیر بلوچ کی والدہ نے کہا ہے کہ جبری گمشدگیوں کے حوالے سے بین الاقوامی اداروں اور خود ساختہ مہذب اقوام کی طویل خاموشی تشویشناک ہے۔ میرا بیٹا کبیر بلوچ اپنے دو ساتھیوں مشتاق اور عطا بلوچ سمیت 15 سال سے لاپتہ ہیں، کبیر بلوچ اور اس کے ساتھیوں کی جبری گمشدگی کی غیر انسانی معاملہ پر پاکستانی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، عدالتوں اور کمیشنز کا رویہ اور کردار انتہائی افسوسناک ہے۔

ان اداروں کا یہ رویہ انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے میں ناکامی کو اجاگر کرتا ہے اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور علمبرداروں کو اس طرح کے مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کی فوری ضرورت پر زور دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے دعویداروں کے جبری گمشدگیوں کے معاملے پر کردار اور مسلسل لاتعلقی صرف متاثرین کے مصائب کو برقرار رکھتی ہے اور مجرموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی خاموشی کو توڑیں اور انصاف، احتساب کے لئے اقدامات اٹھائیں اور جبری گمشدگیوں اور نسل کشی سے تمام افراد کے تحفظ کی وکالت کریں۔

Exit mobile version