کوئٹہ (ہمگام نیوز) ویب ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 195 کیسز سامنے آگئے ۔ محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق رواں سال بلوچستان میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار 268 ہوگئی ۔
کوآرڈینٹر ملیریا کنٹرول پروگرام ڈاکٹر خالد قمبرانی کے مطابق بلوچستان کے تین اضلاع لسبیلہ ، گوادر اور کیچ میں مزید 195 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم بلوچستان میں ڈینگی وائرس کے باعث کسی بھی مریض کی موت رپورٹ نہیں ہوئی ہے ۔
ڈاکٹر خالد قمبرانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ڈینگی وائرس مارچ سے لیکر اکتوبر تک زیادہ پھیلتا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال بلوچستان میں ڈینگی کے ساڑھے 3 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال بلوچستان میں اب تک 3 ہزار 268 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں ۔


