Homeخبریںجامعہ کراچی گرلز ہاسٹل میں کمروں کے دروازے توڑنے کی کوشش انتظامی...

جامعہ کراچی گرلز ہاسٹل میں کمروں کے دروازے توڑنے کی کوشش انتظامی نااہلی ہے، تحفظ دیا جائے: طالبات

کراچی (ہمگام نیوز) جامعہ کراچی گرلز ہاسٹل میں گزشتہ رات 4 بجے طالبات کے کمروں کے دروازوں کو توڑنے کی کوشش کی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

اس حوالے سے جامعہ کراچی گرلز ہاسٹل میں رہائش پذیر طالبات کی جانب سے کہا گیا کہ ہم بحیثیت اسٹوڈنٹس جامعہ کی انتظامیہ سے کئی بار درخواست کرچکے ہیں کہ ہاسٹل میں طالبات کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے َاور ہاسٹل کے کیمرے جو کہ کئی عرصے سے خراب ہیں ان کو تبدیل کیا جائے مگر انتظامیہ کی جانب سے مسلسل غیر ذمہ دارانہ رویہ دیکھنے کو مل رہا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔

جامعہ کراچی گرلز ہاسٹل مسائل کا گڑھ بن گیا ہے جہاں پینے کا صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات میسر نہیں، ہم نے ہاسٹل پرووسٹ اور وائس چانسلر کو کئی بار ان مسائل سے آگاہ کیا مگر بجائے مسائل کو حل کرنے اور طالبات کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کے انتظامیہ کی جانب سے ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے کہ اگر آپ میڈیا کو رپورٹ کریں گے یا ان مسائل کیخلاف آواز اٹھائیں گے تو آپ کو ہاسٹل سے نکال دیا جائے گا۔

ہم جامعہ کراچی کی طالبات تمام طلباءتنظیموں اور عوام سمیت میڈیا حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری آواز بنیں، ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انتظامیہ کے آمرانہ رویوں کی جواب طلبی کریں اور ہمارے مسائل جن میں طالبات کی سیکورٹی، پینے کا صاف پانی، واش رومز کی صفائی اور دیگر مطالبات پر عملدرآمد کرایا جائے۔

Exit mobile version