رودان / زاہدان(ھمگام نیوز ) آمدہ اطلاعات کے مطابق آج بروز اتوار، 14 جون 2026ء کی صبح سویرے رودان اور زاہدان جیلوں میں کم از کم دو بلوچ قیدیوں کو سزائے موت دے دی گئی، جنہیں منشیات سے متعلق مقدمات میں عدالتی کارروائی کے بعد سزائے موت سنائی گئی تھی۔
پھانسی پانے والے قیدیوں کی شناخت علی بخش رئیسی، عمر تقریباً 27 سال، ولد رسول، شادی شدہ اور ایک بچے کے والد، سکنہ جلگہ چاہ ہاشم، ضلع دلگان، اور حسن حسینی نارویی، عمر تقریباً 58 سال، ولد شهبیک، شادی شدہ اور اہلِ خانہ کے ساتھ رہنے والے، سکنہ زاہدان کے طور پر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق علی بخش رئیسی کو 2024ء میں رودان میں منشیات سے متعلق الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں رودان کی انقلابی عدالت نے سزائے موت سنائی۔ ذرائع کے مطابق ان کی پھانسی اہلِ خانہ کو اطلاع دیے بغیر اور آخری ملاقات کے حق سے محروم رکھتے ہوئے دی گئی۔
اسی طرح حسن حسینی نارویی کو بھی چند سال قبل زاہدان میں اسی نوعیت کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور زاہدان کی انقلابی عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی تھی۔ انہیں 13 جون 2026ء کو پھانسی کے لیے تنہائی کی کوٹھڑی میں منتقل کیا گیا تھا۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2025ء کے دوران ایران کے 27 مختلف جیلوں میں کم از کم 137 بلوچ قیدیوں کو پھانسی دی گئی۔ ان میں زاہدان جیل 34 پھانسیوں کے ساتھ سرفہرست رہی۔
جرائم کی نوعیت کے مطابق 94 افراد منشیات سے متعلق الزامات (68.6 فیصد)، 36 قتل (26.3 فیصد)، 4 سیاسی و عقیدتی الزامات (2.9 فیصد)، 2 زیادتی کے الزامات (1.5 فیصد)، اور 1 فرد نامعلوم الزام کے تحت پھانسی دیا گیا۔















