Homeخبریںوی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6402ویں روز بھی جاری، مہلب...

وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6402ویں روز بھی جاری، مہلب بلوچ نے جبری لاپتہ والد واحد کمبر کے کوائف تنظیم کو فراہم کر دیے

شال ( ہمگام نیوز ) بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج 6402ویں روز بھی جاری رہا۔

آج احتجاجی کیمپ میں مہلب بلوچ نے شرکت کی اور اپنے والد واحد کمبر کی جبری گمشدگی سے متعلق کوائف وی بی ایم پی کو فراہم کیے۔ انہوں نے اپنے والد کی تاحال عدم بازیابی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد 19 جولائی 2014 سے جبری طور پر لاپتہ ہیں۔ ان کی طویل گمشدگی کے باعث خاندان شدید ذہنی کرب اور اذیت کا سامنا کر رہا ہے۔

مہلب بلوچ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان کے والد واحد کمبر کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور خاندان کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے مہلب بلوچ کو یقین دہانی کرائی کہ واحد کمبر کی جبری گمشدگی کا کیس کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈس اپیئرنسز کے ہیڈ آفس اسلام آباد، حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واحد کمبر کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر متعلقہ فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔

نصراللہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ واحد کمبر سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لا کر آئین و قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ ختم ہو۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز